میدوگوری: نائیجیریا میں امدادی سامان کی تقسیم کے دوران دو خواتین خود کش بمباروں نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا جس کے نتیجے میں 15 افراد ہلاک اور 43 زخمی ہو گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق نائیجیریا کے دارالحکومت میدوگوری سے 40 کلو میٹر دور واقع ماشالاری گا ؤں میں مقامی این جی او کی جانب سے امدادی سامان تقسیم کیا جا رہا تھا جب 12 منٹ کے وقفے سے دو خود کش دھماکے ہوئے۔ پہلے دھماکے کے نتیجے میں 15 افراد ہلاک اور 43 زخمی ہوئے البتہ دوسرے دھماکے میں صرف خاتون خود کش بمبار ہلاک ہوئی۔
امدادی کارکنوں نے بتایا کہ دونوں حملہ آور خواتین تھیں تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ کس این جی او کی جانب سے امدادی سامان تقسیم کیا جا رہا تھا۔ ریسکیو آپریشن کے سربراہ بیلو دمباتا نے بتایا کہ حملہ صبح 11 بجے کے قریب ہوا اور ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تعداد خواتین کی ہے۔
اس حملے کی ذمہ داری فی الحال کسی تنظیم کی جانب سے قبول نہیں کی گئی البتہ ماضی میں اس علاقے میں شدت پسند تنظیم بوکو حرام کا کافی اثر و رسوخ رہا ہے اور وہ اس طرح کی کارروائیاں کرتی رہی ہے۔
2009 سے شمال مشرقی نائیجیریا شورش کی زد میں ہے اور یہاں بوکو حرام کے جنگجوں نے دہشت پھیلا رکھی ہے۔ اس کشیدگی کے نتیجے میں اب تک 20 ہزار افراد ہلاک اور 26 لاکھ افراد نقل مکانی کر چکے ہیں