موجودہ دھاندلی زدہ انتخابی نظام میں شفافیت کی گنجائش نہیں: ڈاکٹر طاہر القادری

07:00 PM, 18 Sep, 2017

نیوویب ڈیسک

لاہور:  پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ موجودہ دھاندلی زدہ  انتخابی نظام میں شفافیت کی کوئی گنجائش نہیں،  انتخابی اصلاحات کیلئے پارلیمانی کمیٹی نے ڈیڑھ سو سے زائد اجلاس منعقد کیے،  نتیجہ سب کے سامنے ہے۔  پاکستان مشکل دور سے گزر  رہا ہے،  کرپشن کیسز   کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے  گاڈ فادرسے کوئی نرمی نہ برتی جائے،  جو کام آج  'پین کلر' سے ممکن ہے غفلت برتنے سے وہی کام کل بڑے آپریشن کا تقاضا کرے گا، حکمران جماعت کی انتخابی مہم سے لگا ان کے مخالف امیدوار سپریم کورٹ اور قومی سلامتی کے ادارے ہیں، سب کچھ دیکھنے کے باوجود الیکشن کمیشن خاموش رہا ۔ 35 سال سیاہ و سفید کے مالک بنے رہنے والوں کے آبائی حلقہ میں 60ہزار سے زائد ووٹ ان کی مخالفت میں آئے، 3 حکومتوں کے وسائل کا شاندار انداز میں مقابلہ کرنے پر ڈاکٹر یاسمین راشد مبارکباد کی مستحق ہیں۔

پاکستان عوامی تحریک کی سنٹرل کور کمیٹی کے ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا   کہ دھاندلی زدہ ڈھونگ ضمنی الیکشن کے نتائج پاکستان کے اکثریتی محب وطن اور رزق حلال کمانے والے عوام کی نمائندہ رائے نہیں ہو سکتے،عوام جو سوچ رہے ہیں اور جو چاہ رہے ہیں موجودہ نظام اس کے اظہار کی اجازت نہیں دے رہا۔آزادی اظہار ،دھن ،دھونس،دھاندلی اور پولیس کے ظالمانہ کردار اور جھوٹے مقدمات کے دبائو میں ہے۔ہم سانحہ ماڈل ٹائون کی صورت میں اس کا سامنا کرچکے ہیں، 100 لوگوں کو گولیاں مارنے والے اور 14 کو شہید کرنے والے آج بھی دندناتے پھررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی جانب سے انتخابی مہم میں شرمناک انداز میں سپریم کورٹ اور قومی سلامتی کے اداروں کو ٹارگٹ کیا گیا، کیا اس کا نوٹس لینا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری تھی جو اس نے پوری نہیں کی۔اسی لیے ہم کہتے ہیں کہ اس نظام اور اس قسم کے الیکشن کمیشن کے تحت جتنے مرضی انتخابات کروا لیے جائیں خیر کا پہلو برآمد نہیں ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ اداروں کو برباد کرنے والے ایک سازش کے تحت انہیں بدنام کرنے کی مہم چلارہے ہیں گاڈ فادر سمجھتا ہے حکومت، ریاست، جمہوریت شریف خاندان کے اقتدار میں رہنے کا نام ہے۔دریں اثناء پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر محمد طاہر القادری نے منہاج گرلز کالج میں سینئر کلاسز کی طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پڑھی لکھی بچیاں ،بیٹیاں پاکستان کا مستقبل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں یہ ایک تسلیم شدہ حقیقت ہے کہ جس معاشرے کی خواتین تعلیم یافتہ ہونگی اس معاشرے اور ملک کو ترقی کی منازل طے کرنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن نے قوم کی بیٹیوں کو اعلیٰ اور معیاری تعلیم فراہم کرنے کیلئے عالمی معیار کے ادارے بنائے ہیں جہاں پسماندہ خاندانوں کی بچیاں باوقار انداز میں اعلیٰ حاصل کررہی ہیں۔

اس موقع پرچیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین،ڈاکٹر غزالہ حسن قادری، فضہ حسین قادری اور پرنسپل ڈاکٹر ثمر فاطمہ بھی موجود تھیں۔ 

مزیدخبریں