اسلام آباد : قومی اسمبلی کے اجلاس کا شیڈول تبدیل کر دیا گیا ہے۔ اب یہ اجلاس صبح 11 بجے کے بجائے شام 6 بجے ہوگا۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے غیر معمولی حالات کے پیش نظر قاعدہ 49 کے تحت اجلاس کا وقت تبدیل کیا اور اس کی اطلاع تمام ارکان کو بھیج دی گئی ہے۔
دوسری جانب سینیٹ کے آج ہونے والے اجلاس کا 7 نکاتی ایجنڈا جاری کیا گیا ہے۔ اس اجلاس میں آئینی ترمیمی بل شامل نہیں ہوگا، البتہ تین کمیٹیوں کی رپورٹس پیش کی جائیں گی۔
اس کے علاوہ، ایمل ولی خان کی جانب سے بلوچستان یونیورسٹی میں بھوک ہڑتال اور ملازمین کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے حوالے سے توجہ دلاؤ نوٹس بھی ایجنڈے کا حصہ ہے۔ ساتھ ہی اعظم نذیر تارڑ کی جانب سے صدر مملکت کے دونوں ایوانوں سے خطاب پر شکریہ کی تحریک پر بحث بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔