اسلام آباد : غزہ کے میڈیکل طلبہ و طالبات اسلام آباد پہنچ گئے ہیں، جہاں ان کا گرمجوشی سے استقبال کیا گیا۔ یہ اقدام وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر کیا گیا، جنہوں نے غزہ کی تباہ کن صورتحال کے پیش نظر فلسطینی طلبہ کو پاکستان میں اپنی تعلیم جاری رکھنے کی پیشکش کی تھی۔
وزارت صحت کے کوآرڈینیٹر ڈاکٹر مختار بھرتھ نے بتایا کہ یہ طلبہ پاکستان کے میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں اپنی تعلیم جاری رکھیں گے، کیونکہ غزہ میں اسرائیلی بمباری کی وجہ سے ان کے لیے تعلیم حاصل کرنا مشکل ہو چکا تھا۔ پاکستان میں تعلیم مکمل کرنے کے بعد وہ اپنے ملک واپس جا کر لوگوں کی خدمت کر سکیں گے۔
ڈاکٹر مختار نے یہ بھی یقین دلایا کہ ان طلبہ کو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی، جس میں خوراک، رہائش اور میڈیکل سہولیات شامل ہیں، تاکہ وہ اس مشکل وقت میں سکون سے اپنی تعلیم جاری رکھ سکیں۔