21 اکتوبر کو نواز شریف کی قیادت میں پاکستان کو واپس2017 والے ٹریک پر لے کر جائیں گے: رانا ثنا اللہ

07:29 PM, 18 Oct, 2023

نیوویب ڈیسک

ملتان :ن لیگ کے رہنما رانا ثنا اللہ کاکہنا ہےکہ   نواز شریف نے پاکستان کو پہلے بھی بحرانوں سے نکالا، 21 اکتوبر کو نواز شریف کی قیادت میں پاکستان کو واپس2017 والے ٹریک پر لے کر جائیں گے، موجودہ حالات میں عام آدمی کی زندگی بہت مشکلات میں ہے۔

ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللّٰہ نے کہا کہ  نواز شریف نے پاکستان کو پہلے بھی بحرانوں سے نکالا، 21 اکتوبر کو نواز شریف کی قیادت میں پاکستان کو واپس2017 والے ٹریک پر لے کر جائیں گے، موجودہ حالات میں عام آدمی کی زندگی بہت مشکلات میں ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنا اللّٰہ نے کہا کہ عالمی دباؤ مسترد کرتے ہوئے نواز شریف نے ملک کو ایٹمی قوت بنایا، انہوں نے 5 ارب ڈالر کی امریکی پیشکش ٹھکرا دی تھی۔ فلسطین میں اتنا ظلم جاری ہے، ہسپتالوں پر بمباری ہو رہی ہے، امریکا، یورپ اسرائیلی مظالم کی حمایت کر رہے ہیں، یہی وہ ممالک تھے جن کو پاکستان کا ایٹمی قوت بننا برداشت نہیں تھا، ایٹمی دھماکے نہ کرنے پر امریکی صدر نے 5 ارب ڈالر کا لالچ دیا تھا، نوازشریف نے بھارت کے مقابلے میں 6 ایٹمی دھماکے کیے۔
جنوبی پنجاب میں ہر سطح پر مسلم لیگ (ن) موجود ہے، مریم نواز نے پارٹی کے ورکرز کو بہت متحرک کیا ہے، اٹک سے لے کر راجن پور تک ہمارے عہدیدار اور کارکن موجود ہیں۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ بھارت کے ایٹمی دھماکوں کے بعد پاکستانی قوم پریشان تھی، نواز شریف نے ایٹمی دھماکے کرکے یہ خوف ختم کیا، ملک میں 20، 20 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ نواز شریف نے ختم کی، ملک میں دہشتگردی تھی، اغوا برائے تاوان تھا، ن لیگ نے خود کو پیش کیا۔ نواز شریف نے کہا میری جماعت پر اعتماد کریں، لوڈ شیڈنگ سے نجات دلاؤں گا، 12 سال بعد بھی نواز شریف نے ہی ملک کو سنبھالا۔
سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ ہمارے مخالفین ابہام میں ڈالتے ہیں، مخالفین کہتے ہیں یہ سب کیسے ہو گا؟ میں کہتا ہوں ویسے ہو گا جیسے نوازشریف نے پہلے کیا تھا،عوام نے 1990ء میں نوازشریف کو مینڈیٹ دیا، اس وقت دنیا کہہ رہی تھی پاکستان ایشین ٹائیگر بننے جا رہا ہے، نوازشریف کی اصلاحات کی وجہ سے پاکستان ایشین ٹائیگر بننے جا رہا تھا۔

مزیدخبریں