اسلام آباد: نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے غزہ کے اسپتال پر اسرائیلی بمباری کی شدید مذمت کی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں نگران وزیراعظم کی جانب سے کہ گیا کہ غزہ کے الممدنی ہسپتال پر اسرائیل کے وحشیانہ حملے میں معصوم شہریوں کا قتل عام غیر انسانی اور ناقابل دفاع ہے۔ یہ بین الاقوامی قانون اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
نگران وزیراعظم نے فلسطین پر اسرائیل کے اندھا دھند حملے ختم کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان عالمی برادری پر زور دیتا ہے کہ وہ تشدد کو روکنے کے لیے تیزی سے کام کرے اور ذمہ داروں کا احتساب کرے۔
The massacre of innocent civilians in vicious Israeli attack on Al-Mamadany Hospital in Gaza is inhumane and indefensible. It is a grave violation of international law and humanitarian law. Israel must be held accountable for its war crimes as it continues its unrelenting… https://t.co/PdZojYbaEK
— Anwaar ul Haq Kakar (@anwaar_kakar) October 18, 2023
انہوں نے کہا کہ غزہ کے الاہلی الممدنی ہسپتال پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں جس میں بے پناہ شہری ہلاکتیں ہوئیں۔ ضرورت مندوں کی پناہ گاہ، ہسپتال کو نشانہ بنانا غیر انسانی فعل ہے۔ بین الاقوامی انسانی قانون ہسپتالوں اور طبی عملے کو تحفظ فراہم کرتا ہے۔
وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کی جانب سے کہا گیا کہ اسرائیل کو اس کے جنگی جرائم کے لیے جوابدہ ہونا چاہیے کیونکہ اس نے غزہ پر اپنی بے دریغ بمباری اور محاصرہ جاری رکھا ہوا ہے جس کے نتیجے میں ہلاکتیں، تباہی اور نقل مکانی ہوئی ہے۔ اسرائیلی قبضے کے حامیوں کو اپنی پالیسیوں پر نظر ثانی کرنے کی ضرورت ہے جو غزہ کے لوگوں کے خلاف دہشت گردی کی مہم چلانے میں اسرائیلی حکام کو استثنیٰ فراہم کرتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کچھ عرصہ قبل اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ساتھ اپنی بات چیت میں میں نے ان پر زور دیا تھا کہ عالمی برادری اسرائیل سے کہے کہ وہ بے گناہ فلسطینیوں کا قتل عام بند کرے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز غزہ کے الاہلی اسپتال پر اسرائیلی طیاروں نے بمباری کی ہے جس کے نتیجے میں 500 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے جبکہ اسپتال کی عمارت مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔ فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے وسطی غزہ میں موجود اسپتال کو نشانہ بنایا جس میں 600 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ اسرائیل کی انسانیت خلاف وحشیانہ جارحیت بارہ روز سے جاری ہے۔ فلسطینی حکام کے مطابق غزہ میں 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی جارحیت میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 3 ہزار 500 سے تجاوز کر گئی ہے۔ فسلطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی حملوں سے 12 ہزار 500 افراد زخمی ہوئے ہیں، شہید ہونے والوں میں 1000 سے زائد بچے اور ہزار سے زائد خواتین شامل ہیں۔