لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے 9 مئی کے واقعات میں گرفتار سابق آرمی چیف آصف نواز جنجوعہ کی نواسی اور سابق مشیر خزانہ سلمان شاہ کی صاحبزادی خدیجہ شاہ کی ضمانت منظور کرلی۔
لاہور ہائیکورٹ نے 9 مئی واقعات میں گرفتار خدیجہ شاہ کی ضمانت کی درخواست پر جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نےمحفوظ فیصلہ سنایا، اور ملزمہ خدیجہ شاہ کی ضمانتی مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کرلی۔
پی ٹی آئی کارکن اور معروف ڈریس ڈیزائنر خدیجہ شاہ نے عسکری ٹاور اور جناح ہاؤس جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں ضمانتیں دائر کی تھیں، عدالت نے وکلاء کے دلائل کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
یاد رہے کہ سابق مشیر خزانہ سلمان شاہ کی صاحبزادی خدیجہ شاہ پر الزام تھا کہ وہ 9 مئی کو ٹیلی فون کر کے لوگوں کو جلاؤ گھیراؤ اور جناح ہاؤس حملے کے لیے بلاتی رہی ہیں، پولیس حکام کا کہنا تھا کہ ان خلاف جناح ہاؤس پر حملے کے تمام ثبوت پولیس نے حاصل کر لئے ہیں۔
لاہور ہائیکورٹ نے جناح ہاؤس حملہ کے تین مزید ملزمان کی ضمانت منظور کرلی۔ لاہور ہائیکورٹ میں جسٹس عالیہ نیل کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے فیاض احمد، احمد سلیم اور حافظ اسامہ کی ضمانت منظور کی جبکہ ایک ملزم سفیان کی درخواست واپس لینے کی بنیاد پر نمٹا دی۔