کراچی: سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ہماری جدوجہد اس روشن صبح کیلئے ہے جب ہر نوجوان برسر روزگار ہوگا ۔
سانحہ کارساز کے موقع پر اپنے پیغام میں آصف زرداری نے سانحہ کارساز کے بہادر شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ جیالوں کی بہادری ، وفاداری اور ثابت قدمی کی سیاسی تاریخ میں مثال نہیں ملتی ۔ بینظیر بھٹو شہید اور ہزاروں جیالوں کے خون سے جمہوریت قائم ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی نے آئین کو اصل صورت میں بحال کیا ۔ 18 ویں آئینی ترمیم ملک کی سالمیت اور بقا کی ضمانت ہے ۔ سوات میں دوبارہ قومی پرچم سربلند کیا اور صوبوں کو خودمختاری دی ۔
سابق صدر نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا کے عوام کو شناخت دی اور مستحق خواتین کو بینظیرانکم سپورٹ پروگرام سے ریاستی ثمرات میں حصہ دار بنایا ۔