پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا 20 اکتوبر سے احتجاج اور ریلیوں کا اعلان

08:44 PM, 18 Oct, 2021

اسلام آباد: پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے 20 اکتوبر سے ملک بھر میں احتجاج اور ریلیوں کا اعلان کر دیا ہے۔

پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس ہوا جس میں ملک بھر میں حکومت کے خلاف احتجاجی ریلیوں کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس کے بعد مولانا فضل الرحمان نے پریس کانفرنس میں کہا کہ مہنگائی کے خلاف 20 اکتوبر سے ملک بھر میں مظاہرے ہوں گے، صوبائی اور ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں احتجاج کیا جائے گا جبکہ ریلیاں اور جلوس نکالے جائیں گے۔

انھوں نے کہا کہ پہیہ جام ہڑتال بھی ہو گی اور لانگ مارچ تک بھی بات جا سکتی ہے جبکہ ہو سکتا ہے کہ لانگ مارچ کی نوبت نہ آئے اور اس سے پہلے ہی مسئلہ حل ہو جائے۔ پی ڈی ایم اجلاس میں نیب آرڈیننس کو مسترد کر دیا گیا ہے اور پی ڈی ایم سمجھتی ہے کہ نیب آمریت کی باقیات میں سے ہے، یہ ہمیشہ مخالفین کے خلاف سیاسی انتقام کے طور پر استعمال ہوا۔

فضل الرحمان نے کہا ہم انتخابات کے لیے حکومتی ترامیم کو بھی مسترد کرتے ہیں، جو حکومت خود دھاندلی سے آئی ہو، وہ کیا اصلاحات لائے گی اور موجودہ حکومت کو حق نہیں ہے کہ شفاف انتخابات کے فارمولے دے۔

سربراہ پی ڈی ایم نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر عام انتخابات کرائے جائیں، جب تک جائز حکومت نہ آئے بلدیاتی انتخابات کا جواز نہیں اور پی ڈی ایم سرکاری معاملات میں مداخلت نہیں کر رہی تاہم جمہوری آئینی نظام چاہتی ہے۔

فضل الرحمان نے کہا افغانستان اور ایران کے ساتھ سرحدیں بند کر دی گئی ہیں اور ہمارا مطالبہ ہے کہ سرحدیں فوری کھولی جائیں جبکہ اس اقدام سے عوام متاثر ہوتے ہیں۔

مزیدخبریں