عمران خان پانچ سال پورے کریں گے ، پی ڈی ایم مرا ہوا سیاسی ہاتھی ہے، شیخ رشید

02:44 PM, 18 Oct, 2021

اسلام آباد : وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ کنویں کے مینڈکوں کی سیاست اب ختم ہوچکی ہے ، عمران خان کی حکومت پانچ سال پورے کرے گی ۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں شیخ رشید نے کہا ہے کہ  پی ڈی ایم مرا ہوا سیاسی ہاتھی ہے ان کی سیاست دم توڑ چکی ہے ان کے پاس عوام کے لئے اب کچھ نہیں رہا ۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ  ملک لوٹنے والے منہ صاف کر کے پھر وکٹری کا نشان بناتے ہیں،  بنک ڈکیت بھی وکٹری کانشان بنا کر جیلوں  سے باہر آتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم تسلیم کرتے ہیں کہ مہنگائی ہے ،قرضے بھی ہیں ،کورونا کا بھی سامنا رہا،وزیراعظم عمران خان مہنگائی میں کمی لانے کی پوری کوشش کررہے ہیں،کابینہ کے اجلاس میں آٹا، دال ،چاول اور ادویات پر بات کرتاہوں۔ ہمیں پتہ ہونا چاہئے کہ عالمی بحران میں پاکستان ڈیفالٹ ہونے سے بچاہے ۔

شیخ رشید  احمد نے کہاکہ نئے انتخابات میں ایک سال ہی رہ گیاہے،مریم نواز اداروں کے خلاف جو بیانات دے رہی ہیں ،وہ  اپنے پاؤں پر کُلہاڑی ماررہی ہیں، وہ اپنے لیے خود گڑھے کھود  رہی ہیں، ن لیگ کی پچھلی حکومت جانے میں بھی ان کا کردار تھا۔

شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان کی خوش قسمتی ہے کہ ان کو اس قسم کی اپوزیشن ملی،پی ڈی ایم گزشتہ دسمبر سے کہتی تھی اب یہ دسمبربھی آگیا۔

ڈاکٹر قدیر خان کی وفات کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان  کامقبرہ تعمیرکرائیں گے، ان کی بیٹی نے مقبرے کا ڈیزائن فراہم کردیا ہے ۔

وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے افغانستان کے لیے 31 دسمبر تک ویزا  فیس معاف کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ آج سے افغانستان کا ویزا آن آرائیول کی سروس شروع کر دی ہے ۔اس موقع پر شیخ رشید احمد نے  معمولی جرائم میں ملوث قیدیوں کی  سزا میں تین ماہ کی کمی کا بھی اعلان بھی کیا ۔

مزیدخبریں