کابل : افغان طالبان نے افغان لڑکیوں کے لیے تعلیمی ادارے جلد دوبارہ کھولنے کا عندیہ دے دیا ۔ تاہم سکول کھلنے کی حتمی تاریخ کا اعلان وزارت تعلیم کرے گی ۔
تفصیلات کے مطابق افغانستان میں طالبان کے اقتدار سنبھالنے کے بعد خواتین کے لئے تعلیمی ادارے بند کردیئے گئے تھے ۔ جس کے بعد پوری دنیا کی طرف سے طالبان کو تنقید کا نشانہ بنایا جارہا تھا اور عورتوں کے تعلیم کے حصول کے لئے زوردیا جارہا تھا ۔
ترجمان افغان وزارت داخلہ قاری سعید خوستی نے کہا ہے کہ لڑکیوں کے جلد سکول کھلنے کی حتمی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا ۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں لڑکیوں کے لئے تعلیمی اداروں کے بارے پالیسی پایہ تکمیل تک پہنچنے والی ہے جس کے بعد خواتین کو تعلیم حاصل کرنے کی اجازت ہوگی تاہم یہ اعلان وزارت تعلیم کی طرف سے کیا جائے گا ۔
انہوں نے مزید کہا کہ میری اطلاعات کے مطابق خواتین جلد اپنے سکولوں اور روزگار کے لئے جاسکیں گی ۔
یاد رہے کہ افغان طالبان نے لڑکوں کے تمام تعلیمی ادارے کھول دیئے تھے اور پرائمری تک بچیوں کو بھی اسکول جانے کی اجازت دیدی تھی لیکن سیکنڈری اسکول، کالجز اور جامعات کی لڑکیوں کو پالیسی بننے تک گھر پر رہنے کی ہدایت کی گئی تھی۔