کراچی :پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے پی ڈی ایم کے تحت کراچی میں منعقد کیے گئے دوسرے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان لوگوں سے کہتے ہیں گھبرانا نہیں مگر خود ایک جلسے سے گھبرا گئے ،دبائو میں کس طرح سے ردعمل دیتے ہیں اگر عمران خان تمہیں نہیں پتا تو نواز شریف سے سیکھ لیا ہوتا،اے پی سی کی ایک تقریر سے تم آپے سے باہر چکے ہو ۔ابھی تو ایک جلسہ ہوا ہے اور تم لوگوں نے گھبرانا شروع کر دیا ،ہم جانتے ہیں آپ دبائو میں ہو،اس کی بہت سی وجوہات ہیں ،وزیر اعظم کی گزشتہ روز کی تقریر سے ڈر اور خوف جھلک رہا تھا ۔
مریم نواز نے کراچی کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں نے جس طرح میرا استقبال کیا میں پوری زندگی اس محبت کا قرض نہیں ادا کر سکوں گی ،مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کانام لینا پسند نہیں کرتی ،آپ نے دھرنا دیا نواز شریف نے ایک دن بھی پریشر نہیں لیا ،نواز شریف نے گھبرا کر الٹی سیدھی باتیں نہیں کیں تھیں ،میں نہ تو عمران خان کا نام لینا پسند کرتی ہوں اور نہ ہی انہیں وزیر اعظم مانتی ہوں ۔آج ہم پاکستان کے عوام کیلئے اکھٹے ہیں .
مریم نواز کا کہنا تھاکہ گزشتہ روز ایک شخص چیخ چیخ کر اپنی ناکامی اور شکست کا ماتم کررہا تھا، ابھی ایک جلسہ ہوا اور تم گھبرانا شروع ہوگئے، ایک ہی جلسے میں دماغی توازن کھو بیٹھے ہو، وزیراعظم کی کرسی کی ہی لاج رکھ لی ہوتی، تقریر کے ایک ایک لفظ اور آپ کی حرکات سکنات سے خوف جھلک رہا تھا اور یہی خوف آپ کے چہرے پر قوم دیکھنا چاہتی ہے۔
رہنما ن لیگ کاکہنا تھاکہ نواز شریف نے آپ کے دھرنے میں پریشر نہیں لیا، آپ کو حسرت رہے گی نواز شریف نے کیوں تقریر میں تمہارا نام نہیں لیا کیونکہ بڑوں کی لڑائی میں بچوں کا کوئی کام نہیں ہے، آپ پہلے تابعدار ملازم تھے، اب وزیراعظم کی کرسی پر بیٹھ کر تنخواہ دار ملازم ہو۔
اُن کا کہنا تھا کہ میں ایک نہیں بلکہ دو بچوں کی نانی ہوں، ایک نواسی کی عمر تین سال جبکہ دوسرے نواسے کی عمر ڈھائی ماہ ہے، میں اپنی بیٹی سے نواسے اور نواسی کو اپنے پاس بلوا لیتی ہوں، مجھے نواسے نواسیوں کے ساتھ بہت خوشی ہوتی ہے،مریم نواز کا کہنا تھا کہ نانی ماں کی بھی ماں ہوتی ہے، یعنی ماں کی جنت اُس کے قدموں کے نیچے ہوتی ہے، آپ نےمیری نہیں بلکہ نانی جیسےمقدس رشتےکی تضحیک کی، یہ رشتے نصیب والوں کو ملتے ہیں،مسلم لیگ ن کے نائب صدر کا کہان تھا کہ یہ رشتے نعمت اور خدا کی دین ہیں، خدا ان لوگوں یہ رشتے دیتا ہے جو نبھانا جانتے ہیں، جو خاندان کی اقدار کو جانتے ہیں اور جو رشتے نبھانا جانتے ہیں، انہیں نانی اور دادی جیسے رشتے نصیب ہوتے ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ آج باتیں ہو رہی ہیں کہ ن لیگ پر پابندی لگائی جائے ،پاکستان کی بڑی جماعت کوئی اور نہیں مسلم لیگ ن ہی ہے ،اگر ن لیگ پر پابندی لگانی ہے تو اس سے پہلے تہمیں پاکستان کی عوام پر پابندی لگانا پڑے گی ۔مسلم لیگ ن عوام کی جماعت ہے ۔
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا تھا کہ جعلی حکومت کو کبھی تسلیم نہیں کیا ،یہ وہی عمران خان ہے جس نے 50لاکھ گھر دینے کا اعلان کیا تھا ،کیا کسی کو ایک گھر بھی ملا ،کیا عمران خان حکومت نے کوئی تعمیراتی کام کراچی والوں کیلئے کروائے ہیں ،دنیا جانتی ہے نیب ،ایف بی آر ایس ای سی پی پر آپ نے قبضہ کر رکھاہے ،آج عمران خان اپوزیشن کو ڈرانے اور دھمکانے کیلئے نیب کا سہار ا لیتا ہے ،کراچی کے عوام کو یہ بتائیں کہ جو وہ نہیں جانتے ،کون نہیں جانتا کہ نیب ان کے حکم پر چلتا ہے ۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ ہم آج متحد ہیں مگر کل جب انتخابات ہوں گے تو ایک دوسرے کے حریف بن کر میدان میں آئیں گے مگر کسی کی تضحیک نہیں کریں گے، ایک دوسرے کے مخالف ہوں گے مگر دشمنی نہیں کریں گے۔انہوں نے بتایا کہ مولانا فضل الرحمان میرے سر پر بیٹیوں کی طرح ہاتھ رکھتے ہیں، زرداری صاحب بیٹی کہہ کر مخاطب کرتے ہیں، اور بلاول بڑی بہن مانتا ہے۔ اس موقع پر مریم نواز نے بلاول بھٹو کو مخاطب کر کے کہا کہ بلاول آؤ، مل کر آج یہ وعدہ کریں کہ ہم مخالفت میں اتنی آگے نہیں جائیں گے، ہم انتخابی میدان میں سیاسی حریف ہوں گے مگر دشمن نہیں ہوں گے۔
مریم کا کہنا تھا کہ بلاول کی والدہ اور میرے والد کا سیاسی مخالفت کے باوجود ایک دوسرے کے لیے احترام کا رشتہ ہے، آج ہم دونوں مل کر اس سلسلے کو آگے بڑھا رہے ہیں، بے نظیر نے بلاول کو اور مجھے نوازشریف نے یہی سکھایا ہے۔