مزارِ قائد کے تقدس کی پامالی، پی ٹی آئی رہنما مقدمہ درج کرانے تھانے پہنچ گئے

09:44 PM, 18 Oct, 2020

کراچی: مزارِ قائد کے احاطے میں سیاسی نعرے لگانے پر پی ٹی آئی رہنما مریم نواز اور کیپٹن(ر) صفدر کیخلاف مقدمہ درج کروائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق آج مریم نواز مزار قائد پر حاضری دینے پہنچی تھیں تو ان کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر نے مزارِقائد کے احاطے میں سیاسی نعرے لگوا دئیے تھے۔ جس پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما آگ بگولہ ہو گئے اور مزار قائد کے تقدس کی پامالی کے خلاف پی ٹی آئی رہنما مقدمہ درج کروانے تھانے پہنچ گئے۔مزار قائد کی تقدس کی پامالی پر پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ اور راجہ اظہر سمیت دیگر رہنما کیپٹن صفدر سمیت دیگر کے خلاف مقدمہ درج کروائیں گے۔ 

ذرائع کا کہنا ہے کہ حلیم عادل ، راجہ اظہر نے بریگیڈ  تھانے میں مقدمے کیلئے درخواست دے دی، درخواست میں مریم نواز اور دیگر رہنماؤں کو نامزد کیا گیا ہے۔ درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ مزار قائد کے تقدس سے متعلق قانون کی شق 6 کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔ پی ٹی آئی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ ملزم باغ جناح میں اسٹیج پر موجود ہیں پولیس جائے اور اسے گرفتار کرے۔

دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ افسران سے بات ہو گئی ہے درخواست دی جائے گی تو  مقدمہ درج کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ پی ڈی ایم کراچی میں‌ حکومت مخالف جلسہ کررہی ہے، پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے قائدین مریم نواز، بلاول بھٹو، مولانا فضل الرحمان سمیت دیگر رہنما جلسہ گاہ میں‌ موجود ہیں۔

مزیدخبریں