نواز شریف کی تقریرغیرذمہ دارانہ ،سابق وزیراعظم نے خود اپنا سیاسی جنازہ نکال دیا:شیخ رشید

 نواز شریف کی تقریرغیرذمہ دارانہ ،سابق وزیراعظم نے خود اپنا سیاسی جنازہ نکال دیا:شیخ رشید

حسن ابدال:شیخ رشید نے کہاہے کہ نواز شریف کی تقریرغیرذمہ دارانہ تھی جس میں پاکستان کی عظیم فوج کے خلاف باتیں کی گئیں۔ نواز شریف نے خود اپنا سیاسی جنازہ نکال دیا ہے۔


تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر شیخ رشید نے حسن ابدال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حزب اختلاف میں شامل تین جماعتوں کے 3 علیحدہ ایجنڈے ہیں۔ بلاول بھٹو قومی حکومت، مولانا فضل الرحمان انتخابات اور مسلم لیگ ن سب سمیٹنا چاہتی ہے۔


وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ گوجرانوالہ جلسے میں شرمناک زبان استعمال کی گئی جس میں نواز شریف نے خود اپنا سیاسی جنازہ نکال دیا۔ وزیر اعظم عمران خان نے اب خود کو سیاسی طور پر فعال کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔


انہوں نے کہا کہ میں آج بھی 31 دسمبر تک جھاڑو پھر جانے والی بات پر قائم ہوں۔ مارچ میں عمران خان اکثریت سے سینیٹ میں کامیاب ہو جائیں گے جس کی 20 فروری تک صورتحال بھی واضح ہو جائے گی۔


وفاقی وزیر شیخ رشید کا کہنا ہے کہ خوشی کی بات ہے عمران خان فرنٹ فٹ پر آگئے ہیں اور انہوں نے ان کو نہ چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ ان چار ماہ میں اپوزیشن کے تمام کیسز فائنل ہو جائیں گےاور جس جس نے چورن کھایا ہے اس کو پھکی دی جائے گی، یہ سب لوگ سائیڈ پر ہوں گے ۔


ریلوے سے متعلق بات کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ حسن ابدال ریلوے اسٹیشن تاریخی ہے اس کی تعمیر نو اور تزئین کر دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان جلد ٹریکس اور کوچز کا افتتاح کریں گے۔ راولپنڈی میں 40 کوچز تیار کر رہے ہیں اور ایک کوچ پر90 لاکھ  روپے کا خرچ آ رہا ہے۔