کورونا کیسز میں اضافہ: صدر مملکت کی عوام سے احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرنے کی اپیل

کورونا کیسز میں اضافہ: صدر مملکت کی عوام سے احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرنے کی اپیل

اسلام آباد: صدر مملکت عارف علوی نے کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے پیش نظر عوام کے نام ویڈیو پیغام میں ان سے احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرنے کی اپیل کی ہے۔

صدر مملکت نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ کورونا پر کافی حد تک قابو پا چکے تاہم مکمل قابو پانے کیلئے احتیاطی تدابیر پر عمل ناگزیر ہے۔ حکومت نے سمارٹ لاک ڈاؤن اور لوگوں کو بیروزگاری سے بچا کر مؤثر طریقے سے وبا کا مقابلہ کیا۔ کورونا کیخلاف جنگ کافی حد تک جیت چکے لیکن ابھی مکمل کامیابی حاصل نہیں ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ جن ممالک میں کورونا میں کمی آئی، ان میں وہ دوبارہ پھیل رہا ہے۔ پاکستانی عوام نے احتیاط کی، مساجد اور بازاروں میں ماسک پہنے جبکہ سماجی فاصلہ برقرار رکھا۔ کورونا دوبارہ پھیلنے کے تناظر میں مزید چند ماہ کیلئے احتیاطی تدابیر پر عمل کیا جائے۔

صدر نے کہا کہ علمائے کرام اور میڈیا نے کورونا سے متعلق آگاہی پیداکرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ عوام سے اپیل ہے کہ وہ ماسک پہنیں، سماجی فاصلہ رکھیں اور بار بار ہاتھ دھوئیں۔ شادی ہالز، گھروں میں اجتماعات کے دوران احتیاط کریں۔

خیال رہے کہ نیشنل کمانڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید 16 افراد انتقال کر گئے جس سے جاں بحق افراد کی تعداد 6 ہزار، 654 ہو گئی۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 567 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ ملک میں متاثرین کی تعداد 3 لاکھ 23 ہزار 19 تک جا پہنچی ہے جبکہ 3 لاکھ 7 ہزار 69 افراد صحتیاب ہو چکے ہیں۔

کورونا وائرس کے باعث صوبہ پنجاب میں 2 ہزار 298، صوبہ سندھ میں 2 ہزار 579، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 265، اسلام آباد میں 194، صوبہ بلوچستان میں 147، ‏گلگت بلتستان میں 90 اور آزاد کشمیر میں 81 جاں بحق ہو چکے ہیں۔ 

صوبہ پنجاب میں ایک لاکھ ایک ہزار 559، صوبہ سندھ میں ایک لاکھ 41 ہزار 713، صوبہ خیبر پختونخوا میں 38 ہزار 598، صوبہ بلوچستان میں 15 ہزار 669، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 47، آزاد کشمیر میں 3 ہزار 437 اور اسلام آباد میں کورونا کیسز کی تعداد 17 ہزار 996 ہوگئی ہے۔

پاکستان میں کورونا کا پہلا کیس 26 فروری کو رجسٹرڈ ہوا اور ایک ہزاراموات 21 مئی تک ہوئیں۔ وزارت صحت کا کہنا ہے کہ کیسز میں اضافے کی رفتار کافی سست ہوچکی ہے لیکن پھر بھی احتیاط کی ضرورت ہے۔ حکومت کے مطابق پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کا گراف مسلسل نیچے آرہا ہے لیکن خطرہ ابھی ٹلا نہیں ہے۔ جون کو سب سے زیادہ ایک سو تریپن اموات رپورٹ ہوئیں لیکن اب کورونا کا گراف تیزی سے نیچے آرہا ہے۔

اعدادوشمار کے مطابق ملک میں 132 ٹیسٹنگ لیبارٹریز کام کر رہی ہیں اور متعدد شہروں میں ٹریس، ٹیسٹ اورقرنطینہ حکمت عملی موثر طریقے سے کام رہی ہے۔ پاکستان کے 735 اسپتالوں میں کورونا مریضوں کےلیے سہولیات ہیں اور اسپتالوں میں کورونا کے مریضوں کیلئے وینٹی لیٹرزکی تعدادایک ہزار920 ہے۔

ادھر دنیا بھرمیں کورونا کیسز کی یومیہ تعداد 4 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ دنیا بھر سے رپورٹ کیسز میں 100 میں سے 34 کورونا مریضوں کا تعلق یورپ سے ہے۔ دنیا بھر میں کورونا کیسز کی تعداد 3 کروڑ 99 لاکھ سے زیادہ ہو گئی جبکہ کورونا سے انتقال کرنے والوں کی تعداد 11 لاکھ 14 ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے۔