ہیلسنکی: یورپی ملک فن لینڈ کی وزیراعظم سنا مرین کو نازیبا اور غیر مناسب لباس میں فوٹو شوٹ کروانا مہنگا پڑگیا اور سوشل میڈیا صارفین نے شدید تنقید کا نشانہ بناڈالا۔
انٹرنیشنل میڈیا رپورٹس کے مطابق فن لینڈ کی 34 سالہ خوبرووزیر اعظم سنا مرین نے کسی میگزین کے کور فوٹو کے لیے کھلے گریبان والے سیاہ لباس میں فوٹو شوٹ کرایا جس میں وہ خوبصورت جیولری بھی پہنی ہوئی ہیں تاہم اس تصویر کے باعث انہیں سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
وزیراعظم کے سیاسی مخالفین نے بھی اس فوٹو شوٹ پر اعتراض کیا ہے جب کہ سوشل میڈیا پر مجموعی طور پر صارفین کا کہنا تھا کہ ایک وزیراعظم اور ماڈل میں فرق ہونا چاہیئے اور وزیراعظم کو اپنے لباس کے انتخاب میں عہدے کے وقار کا خیال رکھنا چاہیئے۔ جس کے جواب میں وزیراعظم کے حامی بھی میدان میں آگئے اور دونوں جانب سے ٹویٹس کی بھرمار ہوگئی۔
دنیا کی سب سے کم عمر وزیراعظم سنا مرین کے حامیوں نے لکھا کہ ایسا لباس پہلے بھی کئی عالمی رہنمائوںنے زیب تن کیا ہے، اس میں کوئی غیر مناسب بات نہیں،یہ فحاشی نہیں۔ صارفین نے ایسی سیکڑوں تصویریں شیئر کیں جن میں مختلف خواتین سنا مرین جیسا لباس پہنے ہوئے دکھائی دیں۔
یاد رہےکہ گزشتہ برس دسمبر میں فن لینڈ کی سوشل ڈیموکریٹک پارٹی نے 34 سالہ سنا مرین کو وزیرِ اعظم منتخب کیا تھا جس کے بعد وہ دنیا کی کم عمر ترین وزیرِ اعظم بن گئیں۔
ان کی جماعت فن لینڈ کے پانچ جماعتی اتحاد کا حصہ ہے اور ان پانچوں جماعتوں کی سربراہی خواتین کے ہاتھ میں ہے۔وزیرِ ٹرانسپورٹ مرین کا بطور وزیرِ اعظم اس وقت انتخاب کیا گیا جب ان کی ہی جماعت کے وزیرِ اعظم آنتی رائنے نے عہدہ چھوڑا۔