پنجاب کے وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ صوبے میں بم ڈسپوزل سکواڈ کی استعداد کار میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔
لاہور: انہوں نے یہ بات ہفتے کے روز لاہور میں نئی جدید بم ڈسپوزل گاڑیاں آٹھ اضلاع کے حوالے کرنے کے سلسلے میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ 8 ضلعوں کو بم ڈسپوزل گاڑیاں فراہم کی گئی ہیں اور دیگر اضلاع کو مزید گاڑیاں دی جائیں گی۔
اس سے قبل ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا تھا کہ حکومت ملاوٹ مافیا کے خلاف اپنی مہم جاری رکھے گی اور ان کو انسانی صحت کے ساتھ ہرگز کھیلنے نہیں دے گی۔ وہ صوبے بھر میں معیاری خوراک کی فراہمی سے متعلق مختلف اقدامات کی نقاب کشائی کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ دودھ کے معیار کو جانچنے کے لئے صوبے کے چھتیس اضلاع میں لیکٹوسکیننگ مشینیں فراہم کی گئی ہیں۔
تفصیل کے مطابق حکومت پنجاب نے نئی بم ڈسپوزل گاڑیاں صوبہ کے 8 اضلاع کے حوالے کر دی ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے حوالگی سے قبل نئی بم ڈسپوزل گاڑیوں کا معائنہ کیا جو کہ بم ڈسپوزل سوٹ، مائن ڈیٹیکٹرز، ڈسرپٹرز اور دیگر جدید آلات سے لیس ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ گاڑیوں سے بم ڈسپوزل اسکواڈ کی صلاحیتوں میں مزید اضافہ ہو گا اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب کے ہرضلع کو بم ڈسپوزل رسپانس گاڑیاں دیں گے۔ انہوں نے سول ڈیفنس پنجاب کی کارکردگی کو بھی سراہا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کو اس موقع پر بریفنگ بھی دی گئی اور بتایا گیا کہ پنجاب کے 12 اضلاع میں بم ڈسپوزل رسپانس گاڑیاں ہیں، نئی گاڑیوں کی حوالگی کے بعد بم ڈسپوزل یونٹ کا دائرہ کار 20 اضلاع تک بڑھا دیا گیا ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ موٹروے زیادتی کیس کا مرکزی ملزم گرفتار ہو چکا ہے اور ملزمان کی گرفتاری پر آئی جی پنجاب کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔