لاہور: جے یو آئی (ف) کے سربراہ فضل الرحمن، ن لیگ کے صدر شہباز شریف سے ملاقات کیلئے ماڈل ٹاون پہنچے۔ ان کے ہمراہ 5 رکنی وفد بھی موجود تھا۔ مسلم لیگ ن اور جمعیت علمائے اسلام کی قیادت نے آزادی مارچ پر مشترکہ حکمت عملی اپنانے کے حوالے سے مشاورت کی۔
ملاقات میں ن لیگ کے سنیئر رہنما احسن اقبال، مریم اورنگزیب کے علاوہ امیر مقام، حنیف عباسی اور پرویز ملک بھی موجود تھے جبکہ جے یو آئی کی جانب سے مولانا عبدالغفور حیدری، مولانا امجد خان شریک ہوئے۔ شہباز شریف نے مولانا فضل الرحمن کو لکھے گئے خط میں تجویز کردہ روڈ میپ کے حوالے سے جے یو آئی کے وفد سے مشاورت کی۔ شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمن نے آزادی مارچ پر حکومت کو ٹف ٹائم دینے کیلئے مشترکہ کاوشوں پر اتفاق کیا۔
مریم اورنگزیب کے مطابق ملاقات کے بعد شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمن مشترکہ پریس کانفرنس بھی کریں گے جس میں آزادی مارچ سے متعلق اپنے لائحہ عمل سے آگاہ کریں گے۔