شاہی جوڑا یتیم بچوں کیساتھ وقت گزارنے دوبارہ ایس او ایس ویلیج پہنچ گیا

11:58 AM, 18 Oct, 2019

لاہور: برطانوی شاہی جوڑا ایک بار پھر یتیم بچوں کے ساتھ وقت گزارنے کے لیے ایس او ایس ویلیج پہنچ گیا۔ برطانوی شہزادہ ولیم اپنی اہلیہ کیٹ مڈلٹن کے ساتھ لاہور کے ایس او ایس ویلیج پہنچ گئے جہاں وہ کچھ وقت یتیم بچوں کے ساتھ گزاریں گے۔

شاہی جوڑا دن 12 بجے لاہور سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہوگا جس کے لیے انتظامات مکمل کرلئے گئے۔ شاہی جوڑا اپنے ذاتی شاہی طیارے میں لاہور سے اسلام آباد جائے گا۔ گزشتہ روز موسم کی خرابی کے باعث شاہی جوڑے کا طیارہ اسلام آباد لینڈ نہ کر سکا تھا اور واپس لاہور آ گیا تھا۔

برطانوی شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ ڈچز آف کیمبرج کیٹ مڈلٹن 14 اکتوبر کی شب 5 روزہ تاریخی دورے پر پاکستان پہنچے تھے۔ انہوں نے اپنے دورے کا آغاز دارالحکومت اسلام آباد کے ایک سرکاری اسکول سے کیا تھا جبکہ شاہی جوڑا آج اسلام آباد سے اپنے  وطن واپس روانہ ہو گا۔ گزشتہ 10 سال میں کسی بھی برطانوی شاہی جوڑے کا یہ پہلا دورہ پاکستان ہے۔

مزیدخبریں