بلاول بھٹو کا پی ایس 11 لاڑکانہ کے ضمنی انتخاب کے نتائج چیلنج کرنے کا اعلان

بلاول بھٹو کا پی ایس 11 لاڑکانہ کے ضمنی انتخاب کے نتائج چیلنج کرنے کا اعلان
کیپشن: پی پی کے نامزد اُمیدوار کو پولنگ اسٹیشنز میں داخل نہیں ہونے دیا گیا، بلاول بھٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

لاڑکانہ: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے پی ایس 11 لاڑکانہ کے ضمنی انتخاب کے نتائج چیلنج کرنے کا اعلان کر دیا۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے انتخاب کے نتائج چیلنج کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پولنگ کا عمل جان بوجھ کر سست روی کا شکار کیا گیا۔ خواتین کے پولنگ اسٹیشنز میں تاخیر سے پولنگ شروع کرائی گئی۔

انہوں نے کہا کہ پی پی کے نامزد اُمیدوار کو پولنگ اسٹیشنز میں داخل نہیں ہونے دیا گیا لیکن دباؤ کے باوجود کارکنوں نے جدوجہد کی۔بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ نیب نے پی پی ورکرزکو نوٹسز بھیج کر قبل ازانتخابات دھاندلی کی لہٰذا اس نشست پر دوبارہ الیکشن کرائیں گے اور جیتیں گے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے ضمنی انتخاب کے نتائج پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ شکایت کے باوجود الیکشن کمیشن نے کوئی نوٹس نہیں لیا۔ خاموشی سے ان کی بدنیتی ظاہر ہو گئی لیکن سچ چھپایا نہیں جا سکتا اور اس سلیکشن کو بے نقاب کریں گے۔

خیال رہے گزشتہ روز سندھ اسمبلی کے حلقے پی ایس 11 کے ضمنی انتخاب میں پیپلز پارٹی کو اپنے سیاسی گڑھ لاڑکانہ میں گرینڈ ڈیموکریٹ الائنس (جی ڈی اے) کے امیدوار کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

ضمنی انتخاب میں گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کے معظم عباسی نے 31557 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی جب کہ پیپلز پارٹی کے امیدوار جمیل سومرو 26021 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔