اسلام آباد: لاہور سمیت پنجاب اسلام آباد، خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر میں بارش اور ژالہ باری سے موسم سرد ہو گیا۔ محکمہ موسمیات نے مزید بادل برسنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
بالائی پنجاب کے میدانی اور خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں بارش اور ژالہ باری نے موسم سرما کا پیغام دے دیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے مختلف علاقوں میں مزید بادل برسنے اور پہاڑوں پر برفباری کی پیش گوئی کی ہے۔
لاہور کے علاوہ کوٹ مومن، ٹوبہ ٹیک سنگھ، صفدر آباد، پنڈی بھٹیاں اور اسلام آباد میں گذشتہ شب اور آج صبح بارش ہوئی جبکہ ژالہ باری نے بھی رنگ جمایا جس کے بعد سردی کی لہر دوڑ گئی ہے۔
نوشہرہ، رسالپور، صوابی او مالاکنڈ میں بھی بارش سے موسم سرد ہو گیا۔ اٹک، پنڈی گھیب، مردان، کرک اور گردونواح میں بھی ژالہ باری ہوئی۔مظفر آباد اور میرپور آزاد کشمیر میں موسم سرما کی پہلی بارش ہوئی جس نے خیموں میں رہائش پذیر زلزلہ متاثرہ خاندانوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔