پنجاب حکومت کا میٹرو بس کے کرائے پر سبسڈی ختم کرنے کا فیصلہ

05:11 PM, 18 Oct, 2018

لاہور: پنجاب حکومت نے میٹرو بس کے کرائے پر سبسڈی ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن)کے گزشتہ دور حکومت میں سابق وزیراعلی پنجاب شہبازشریف نے لاہور سمیت مختلف شہروں میں میٹرو بس سروس کا آغاز کیا تھا جب کہ بس کے مسافروں کے لیے پہلے اسٹاپ سے آخری اسٹاپ تک ایک ہی کرایہ رکھا گیا تھا۔پنجاب کے وزیر خزانہ مخدوم ہاشم جوان بخت کی جانب سے جاری بیان میں میٹرو بسوں کے کرائے پر سبسڈی ختم کرنے کا کہا گیا ہے۔

وزیرخزانہ کا کہناہے کہ لاہور، ملتان اور راولپنڈی کی میٹرو پر سالانہ 12 ارب روپے کی سبسڈی دی جارہی ہے، اب شاہدرہ سے گجو متہ چلنے والی میٹرو بس کے کرائے اسٹاپ ٹو اسٹاپ مقرر ہوں گے، کرائے ریشنلائز کرنے سے عوام پر بوجھ بھی نہیں پڑے گا اور اس سے حکومتی سبسڈی میں بھی کمی آئے گی۔

وزیر خزانہ مخدوم ہاشم کی جانب سے کہا گیا ہے کہ چھوٹی امپورٹڈ گاڑیوں کی رجسٹریشن فیس میں کمی اور بڑی گاڑیوں کی فیس بڑھائی ہے، نوجوانوں کو روزگار دینے کیلئے جامع پروگرام تیار کرلیا ہے، کاشتکاروں کو آسان شرائط پر قرضے دیئے جائیں گے، عوام کو مفت علاج کیلئے ہیلتھ انشورنس کارڈ دیئے جائیں گے۔

دوسری جانب محکمہ سیاحت پنجاب نے بھی ڈبل ڈیکر بس کے کرایوں میں اضافہ کردیا جو 50 سے 100 روپے بڑھایا گیا ہے۔محکمہ سیاحت کے مطابق قذافی اسٹیڈیم سے گریٹر پارک تک کرایہ 300 روپے لیا جائے گا، قذافی سے واہگہ بارڈر تک کرایہ 300 سے 400 کر دیا گیا ہے اور طالب علموں کے لیے نیاکرایہ 150 سے 200 روپے ہے جب کہ ذہنی معذور اور بزرگ شہریوں کے لیے سفر مفت ہوگا۔

محکمہ سیاحت کا کہنا کہ نئے کرائے آئندہ ماہ سے وصول کیے جائیں گے۔

مزیدخبریں