اسلام آباد: سپریم کورٹ میں میموگیٹ اسکینڈل کی سماعت کے دوران عدالتی معاون نے بتایا کہ حسین حقانی کے معاملے پر ایف آئی اے نے انٹرپول سے رابطہ کر لیا ہے۔
چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے میمو گیٹ اسکینڈل کی سماعت کی۔
سماعت کے دوران عدالتی معاون احمر بلال صوفی نے عدالت کو بتایا کہ حسین حقانی کے خلاف ایف آئی اے نے اسپیشل کورٹ میں چالان جمع کرا دیا۔ ایف آئی اے نے انٹر پول سے رابطہ کر لیا ہے اور حسین حقانی کے دائمی وارنٹ جاری کر دیئے ہیں۔
احمر بلال صوفی نے کہا کہ نیب نے ایف آئی اے کو اختیار تفویض کر دیا ہے۔ آئندہ سماعت پر پیشرفت رپورٹ جمع کرا دیں گے۔
اس موقع پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ میں جانے سے پہلے اس کام کو نمٹا کر جانا چاہتا ہوں۔ بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی۔