اسلام آباد : سپریم کورٹ نے وزیر اعظم عمران خان کی نا اہلی کیلئے دائر حنیف عباسی کی نظر ثانی کی درخواست خارج کردی۔ کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ نواز شریف کو پانچ رکنی بینچ نے اقامہ پر نا اہل نہیں کیا بلکہ تین رکنی بینچ نے نااہل کیا۔
عمران خان کی نا اہلی سے متعلق نظر ثانی کیس کی سماعت کے دوران حنیف عباسی کے وکیل اکرم شیخ نے موقف اپنایا کہ عمران خان نے ٹکڑوں میں دستاویزات فراہم کیے عدالت اپنے فیصلے پر نظر ثانی کا اختیار رکھتی ہے 5 رکنی بینچ کا فیصلہ تین رکنی بینچ پر لازم تھانظر ثانی مقدمہ میں دائرہ اختیار محدود نہیں ۔ 5 رکنی بینچ نے نواز شریف کی نا اہلی کیلئے سخت اصول اپنایا۔چیف جسٹس نے اپنے ریمارکس میں کہا دستاویزات کی کڑیوں پر اطمینان عدالت کی صوابدید ہے جو دستاویزات آئیں عدالت ان پر مطمئن ہے۔
وکیل اکرم شیخ نے کہا کہ عدالت مطمئن ہوتی تو کوئی قانون وضع کرتی جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ اپنے فیصلے میں قانون وضع کرچکے ہیں، نواز شریف کو اقامہ پر تین رکنی بینچ نے نا اہل کیا،نواز شریف کے معاملے میں 3 ججز نے جے آئی ٹی سے انکوائری کرائی جس کے بعد فیصلہ سنایا گیا ۔ 2 ججز فیصلے کیلئے 3 ججز کے ساتھ بیٹھے ۔