ابوظہبی:متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی میں جاری دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز پاکستان کی آسٹریلیا کیخلاف بیٹنگ جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں 282 رنز بنائے اور دوسری اننگز میں کھیل کے دوسرے روز کا آغاز 144 رنز 2 کھلاڑی آؤٹ سے کیا تو اظہر علی 54 اور حارث سہیل 17 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔
حارث سہیل اپنے رنز میں کوئی اضافہ کیے بغیر پہلے سیشن کے ابتدائی اوورز میں ہی پویلین لوٹ گئے جس کے بعد اظہر علی بھی 64 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔
دوسرے روز آسٹریلیا کے 145 رنز پر آؤٹ ہونے کے بعد پاکستان نے اپنی دوسری اننگز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 144 رنز بنائے تھے اور اس طرح گرین کیپس کی مجموعی برتری 281 رنز ہو گئی تھی۔شیخ زید سٹیڈیم میں جاری میچ میں محمد عباس کی تباہ کن باﺅلنگ کے باعث آسٹریلیا کی پوری ٹیم 145 پر ڈھیر ہو گئی اور اس طرح قومی ٹیم کو 137 رنز کی برتری ملی۔
پاکستان کی جانب سے فخر زمان اور محمد حفیظ نے دوسری اننگز کا آغاز کیا تو حفیظ دوسری اننگز میں بھی ناکام رہے اور 15 کے مجموعی اسکور پر 6 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔دوسری وکٹ کے لیے فخر زمان اور اظہر علی کے درمیان 91 رنز کی شراکت قائم ہوئی اور فخر زمان 66 رنز بنا کر نیتھن لیون کی گیند پر ان ہی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
فخر زمان کے آؤٹ ہونے کے بعد حارث سہیل کریز پر آئے اور انہوں نے اظہر علی کے ساتھ مل کر ٹیم کا سکور آگے بڑھایا۔جب دوسرے روز کا کھیل ختم ہوا تو اظہر علی 54 اور حارث سہیل 17 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔اس سے قبل آسٹریلوی اوپنر ایرون فنچ اور شان مارش نے 20 کے مجموعی اسکور سے دوسرے روز کھیل کا آغاز کیا تو فنچ 7 اور مارش صفر رنز پر کریز پر موجود تھے۔
دونوں بلے بازوں نے ٹیم کا مجموعہ 43 تک پہنچایا تو شان مارش محمد عباس کی گیند پر حارث سہیل کو کیچ دے بیٹھے، وہ 3 رنز بنا سکے جس کے بعد کینگروز بلے باز کا آنا جانا لگا رہا۔ٹریوس ہیڈ 14 اور مچل مارش 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، اوپننگ بلے باز ایرون فنچ 85 کے مجموعی سکور پر سب سے زیادہ 39 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
مچل سٹارک 34 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جب کہ کپتان ٹم پین 3، مارنس لیبوشن 25 اور نیتھن لیون 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے شاندار باﺅلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے محمد عباس نے 5، بلال آصف نے 3 اور یاسر شاہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔
ابوظہبی ٹیسٹ کے پہلے روز پاکستان کی پوری ٹیم 282 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی تھی جس کے بعد پہلے روز کھیل کے اختتام تک کینگروز نے 2 وکٹوں پر 20 رنز بنائے تھے۔یاد رہے کہ پاکستان کے خلاف آسٹریلیا کی پوری ٹیم صرف 145 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی جس کے بعد قومی ٹیم کو 137 رنز کی برتری ملی۔