ابوظہبی: سری لنکا کے خلاف تیسرے ون ڈے میں ڈبییو کرنے والے چیف سلیکٹر انضمام الحق کے بھتیجے امام الحق نے اپنے انٹرنیشنل کیرئیر کے پہلے میچ میں سنچری بنا ڈالی ۔
تفصیلات کے مطابق امام الحق نے اپنے پہلے انٹرنیشنل میچ میں ڈبییو کر کے124 گیندوں میں 100 رنز مکمل کئے،جس کے بعد وہ دوسرے پاکستانی بلے باز بن گئے جنہوں نے اپنے پہلے میچ میں سنچری سکور کی۔ اس سے قبل سابق کرکٹر سلیم الہٰی یہ اعزاز اپنے نام کر چکے ہیں۔
امام الحق زخمی ہونیوالے اوپنر اظہر علی کی جگہ 15 رکنی سکواڈ میں منتخب ہوئے، جبکہ بائیں ہاتھ کے اوپننگ بلے باز کو آج احمد شہزاد کی جگہ شامل کیا گیا ۔ 21 سالہ امام الحق دو بار انڈر19 ورلڈ کپ میں پاکستان کی طرف سے کھیل چکے ہیں۔وہ انڈر23 میں بھی پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ وہ ڈومیسٹک کرکٹ میں حبیب بینک کی طرف سے کھیلتے ہیں۔
انضمام الحق کا امام الحق کے سلیکشن کے بارے میں کہنا تھا کہ انھیں ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی کی بنیاد پر ٹیم میں شامل کیا گیا ہے اور ایک نوجوان کی حیثیت سے انھیں ہوم کنڈیشنز میں موقع دیا جا رہا ہے۔امام الحق نے گذشتہ سال قائداعظم ٹرافی میں تین سنچریوں اور تین نصف سنچریوں کی مدد سے 848 رنز بنائے تھے۔ گذشتہ سال ہی انھوں نے ڈپارٹمنٹل ون ڈے ٹورنامنٹ میں تین نصف سنچریوں کی مدد سے 318 رنز سکور کیے تھے جبکہ ریجنل ون ڈے ٹورنامنٹ میں ان کی کارکردگی خاصی مایوس کن رہی تھی اور وہ چار میچوں میں صرف 96 رنز بنانے میں کامیاب ہو سکے تھے۔