طرابلس :لیبیا کے دارالحکومت طرابلس میں مسلح گروپوں کے درمیان جاری لڑائی کے بعد معیتیقہ کے ہوائی اڈے کو مسافروں سے خالی کرالیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ہوائی اڈے کے نزدیک لڑائی کی وجہ سے دن میں متعدد مرتبہ مسافر پروازیں معطل کرنا پڑی ہیں۔اس ہوائی اڈے کے تر جمان خالد ابو خریس نے بتایا ہے کہ منگل کی دوپہر پروازیں بحال کردی گئی تھیں۔قبل ازیں سوموار کی شام اور صبح سے پروازیں معطل تھیں لیکن سہ پہر کے وقت ہوائی اڈے کے نزدیک شدید لڑائی چھڑ جانے کے بعد ہوائی اڈے کو مسافروں اور ملازمین کے تحفظ کے پیش نظر دوبارہ بند کر دیا گیا ہے۔
معیتیقہ ایک فوجی ہوائی اڈ ا ہے اور یہ طرابلس شہر کے وسط میں واقع ہے۔دارالحکومت کا بین الاقوامی ہوائی اڈا 2014 میں متحارب مسلح گروپوں کے درمیان شدید لڑائی کے نتیجے میں تباہ ہوگیا تھا۔اس کے بعد سے عام مسافر پروازیں بھی معیتیقہ کے ہوائی اڈے سے چلائی جارہی ہیں۔
واضح رہے کہ 2011ءمیں لیبیا کے سابق مطلق العنان صدر معمر قذافی کی حکومت کے خاتمے کے بعد سے طرابلس کو مختلف مسلح گروپوں نے آپس میں تقسیم کررکھا ہے۔تاہم مسلح جھڑپوں ، اغو ا کی وارداتوں اور دوسری مجرمانہ کارروائیوں کا سلسلہ ابھی تک جاری ہے۔