ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت کو ہریتھک روشن سے لڑائی مہنگی پڑنے لگی، اداکارہ کو انڈسٹری میں تنہائی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق فلمی تقریبات میں کنگنا رناوت کا بائیکاٹ شروع ہوگیا ہے۔اداکارہ کے قریبی دوست ڈینو موریا نے گھر میں ایک تقریب کا اہتمام کیا تھا جس میں فلمی شخصیات کو شرکت کی دعوت دی گئی لیکن اس تقریب میں ہریتھک روشن سے محاذ آرائی کے باعث کنگنا کو بلایا ہی نہیں گیا۔کنگنا گزشتہ سال ہونے والی اسی تقریب میں شریک تھیں۔دوسری جانب کنگنا کو مختلف برانڈز بھی ایمبسڈر بنانے سے کترانے لگے ہیں اور اب ان کے پاس کسی بھی برانڈ کا معاہدہ موجود نہیں ہے۔
واضح رہے کہ کنگنا رناوت نے ہریتھک روشن کو اپنا سابقہ عاشق قرار دیتے ہوئے ان پر فحش تصاویریں اور ای میلز کرنے کا الزام عائد کیا تھا جس کے بعد سے ہی لفظوں کی جنگ چھڑگئی تھی۔اداکارہ نے عدالت سے رجوع بھی کیا تھا اور انہوں نے کئی بار ہریتھک کی گرفتاری کا مطالبہ بھی کیا لیکن ہریتھک روشن نے ٹوئٹر پر کھلا خط لکھ کر ان کے الزامات کی تردید کردی تھی تاہم اب یہی تردید کنگنا کو بھاری پڑنا شروع ہوگئی ہے۔