استنبول: یورپی کونسل نے روہنگیا مسلمانوں کے خلاف طاقت کے بے دریغ استعمال پر میانمار کی فوج کے ساتھ روابط معطل کر دیئے۔
کونسل کی طرف سے اس حوالہ سے منظور کی گئی قرار داد میں میانمار کی فوج کو مخصوص اسلحہ اور آلات کی فروخت معطل کرنے کی توثیق کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ میانمار کی فوج روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی کر رہی ہے۔ اس حوالہ سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ کونسل کے رکن ممالک میانمار کی فوج کے کمانڈر انچیف اور دیگر سینئر فوجی حکام کو دوروں کے دعوت نامے منسوخ کر دیں گے اور دفاعی تعاون پر نظر ثانی کریں گے۔
اعلامیہ کے مطابق روہنگیا مسلمانوں کے حوالے سے صورتحال میں بہتری نہ آنے پر میانمار کے خلاف مزید اقدامات بھی کئے جا سکیں گے۔واضح رہے کہ میانمار کی فوج کے مظالم کے باعث چھ لاکھ کے قریب روہنگیا مسلمان اپنے گھر بار چھوڑ کو بنگلہ دیش اور دیگر ممالک میں پناہ لینے پر مجبور ہو چکے ہیں اور انہوں نے اپنے تحفظ کے لئے بین الاقوامی امن فوج کی تعیناتی کا مطالبہ کیا ہے۔