کابل:فغانستان میں منگل کو خود کش حملوں میں74 سے زائد افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق جنوب مشرقی صوبے پکتیا میں قائم پولیس ٹریننگ سینٹر پر خود کش حملے اور مسلح جھڑپ میں41افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو ئے۔ صوبہ پکتیا کے دارالحکومت گردیز کے پبلک ہیلتھ ڈائریکٹر ہدایت اللہ حمدانی نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں21 پولیس افسران شامل ہیں۔ صوبے کے پولیس چیف طوریالانی عبدیانی بھی مارے گئے۔
طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی۔افغان وزیر داخلہ کے جاری بیان میں کہا گیا کہ ایک خود کش بمبار نے بارود سے بھری کار کو ٹریننگ سینٹر کے قریب دھماکے سے اڑایا۔ اس کے بعد مسلح حملہ آوروں نے فائرنگ شروع کردی۔ پولیس کے صوبائی ہیڈکوارٹر میں قائم2 مختلف کمپاﺅنڈز کے قریب2 کار بم دھماکے ہوئے، ایک افغان نیشنل آرمی اور دوسرا سرحدی پولیس کے زیر انتظام تھا۔ صوبائی کونسل کے رکن اللہ میر بہرام نے کہا کہ مسلح افراد کا ایک گروپ کمپاﺅنڈ میں داخل ہوا اور فائرنگ کردی۔
وزارت داخلہ کے ترجمان نے بتایا 5خود کش حملہ آور مارے گئے۔ افغان صوبے غزنی میں گورنر آفس کے قریب خود کش دھماکہ ہوا۔ حملہ آور نے بارود سے لدی گاڑی دھماکے سے اڑا دی۔30 افراد ہلاک ہوئے 25 اہلکار شامل ہیں۔