لاہور:آج کے دور میں ہم جس طرز کی زندگی گزار رہے ہیں اس میں جسمانی اعضاءبالخصوص جگر کا اچھی صحت کا حامل رہنا ایک دشوار امر نظر آتا ہے، نہ صر ف جگر بلکہ بڑھتا وزن بھی بیماریوں کی جڑ بن چکا ہے۔
غذائی ماہرین بند گوبھی کو "طاقت کا خزانہ" شمار کرتے ہیں کیوں کہ یہ پوٹاشیئم ، وٹامن C اور گندھک سے بھرپور ہوتی ہے۔ یہ تمام عناصر جگر کو صاف ستھرا کر کے اسے زہریلے مواد سے پاک کر دیتے ہیں۔جہاں تک ادرک کا تعلق ہے تو وہ بھی جگر صاف کرنے والی ایک اہم غذا شمار کی جاتی ہے۔ یہ چکنائی کو ہضم کرنے میں مددگار ہوتی ہے۔ ادرک انسانی وزن کم کرنے میں بھی مفید ہے۔
دن بھر کے کھانوں پر اس کے اضافے کے ذریعے وزن میں کمی لائی جا سکتی ہے اور یہ انسان کو سیر ہونے کا بھی احساس دیتی ہے۔
مشروب تیار کرنے کا طریقہ :
*بند گوبھی 1 عدد
*ادرک کے ٹکڑے 1 سے 2 عدد
*لیموں کا تازہ رس 2 چائے کے چمچے
*سیب 1 عدد
*زیرہ آدھا چائے کا چمچہ
گوبھی ، سیب اور ادرک کو چھوٹے ٹکڑوں میں کاٹ لیں۔ ان تمام چیزوں کو ڈیڑھ کپ پانی میں تقریبا 4 سے 5 منٹ تک ابال لیں اور پھر اس میں نصف چائے کا چمچہ زیرہ شامل کر دیں۔ ان تمام چیزوں کو بلینڈر میں ضرورت کے مطابق پانی کی مقدار کے ساتھ ملا کر مرکب بنا لیں۔ اس کے بعد مرکّب میں تھوڑا سا لیموں کا رس شامل کر لیں۔ لیجیے آپ کا صحت بخش جادوئی مشروب تیار ہے۔
اس مشروب کو روزانہ صبح کے وقت استعمال کیجیے تا کہ بند گوبھی اور ادرک کے فوائد کو بھرپور طور پر حاصل کیا جا سکے۔ زیادہ وقت رکھنے کے لیے اس کو ریفریجریٹر میں بھی محفوظ کیا جا سکتا ہے۔