کراچی: 18 اکتوبر 2007 کو پیش آنیوالا سانحہ آج بھی سب کو یاد ہے۔ حادثہ پاکستان پیپلز پارٹی کی چئیر پرسن بے نظیر بھٹو کی خود ساختہ جلا وطنی ختم کر کے کراچی پہنچنے پر پیش آیا تھا۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری آج کارساز پہنچے اور یادگار شہدا پر فاتحہ خوانی کی۔ ان کے ہمراہ وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ بھی تھے۔
یاد رہے بے نظیر بھٹو کا قافلہ شاہراہ فیصل پر رواں دواں تھا کہ اچانک کارساز کے مقام پر قیامت ٹوٹ پڑی اور 2 دھماکوں نے سارا ماحول ہی تبدیل کر دیا تھا۔
جشن سوگ میں تبدیل ہو گیا اور بے نظیر بھٹو ان دھماکوں میں محفوظ رہیں لیکن خواتین اور بچوں سمیت 150 سے زائد افراد شہید ہو گئے تھے۔ سانحے کی یاد میں رات گئے کارساز میں شہدا یاد گار پر پیپلز پارٹی کی جانب سے تعزیتی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ کارکنوں نے یاد گار پر پھول چڑھائے اور شمعیں روشن کیں جبکہ اپنے تاثرات کا اظہار کیا۔
سانحہ کار ساز کے شہدا کی برسی پر حیدر آباد میں پیپلزپارٹی کی جانب سے ہٹڑی بائی پاس پر آج جلسے کا انعقاد کیا گیا ہے۔ جس کے لیے تیاریاں مکمل ہیں اور پنڈال سج گیا ہے۔ جلسہ عام سے پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو خطاب کر کے کارکنوں کا لہو گرمائیں گے۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں