ابوظہبی: قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہا ہے کہ جیت کے سلسلے کو مزید آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔مسلسل فتوحات سے ٹیم میں استحکام اورکھلاڑیوں میں اعتماد پیدا ہوگا۔سری لنکن بیٹنگ کوچ ہشان تلکارتنے نے کہا ہے کہ شکست کے باوجود ابھی تین میچز باقی ہیں،کھلاڑیوں کو غلطیوں سے سبق سیکھتے ہوئے غیرمعمولی کارکردگی دکھانی ہوگی۔
ان خیالات کا اظہار دونوں ٹیموں کے کوچز نے برطانوی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہا کہ ہم جیت کے سلسلے کو مزید آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔یاد رہے کہ قومی ٹیم اب تک لگاتار چھ ون ڈے انٹرنیشنل جیت چکی ہے جس میں سری لنکا کے خلاف موجودہ سیریز کے دونوں میچز بھی شامل ہے ۔مکی آرتھر نے کہا کہ کہ قومی ٹیم کے مسلسل جیتنے سے پاکستانی ٹیم میں استحکام آئے گا اور کھلاڑیوں میں اعتماد پیدا ہوگا۔مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز کے دوسرے میچ میں ٹیم کی مجموعی کارکردگی سے مایوسی ہوئی ہے خاص کر فیلڈنگ کا معیار بہت ہی مایوس کن رہا۔بابر اعظم اور شاداب کی پارنٹرشپ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اس میچ میں بابراعظم اور شاداب خان کی پارٹنرشپ بہت اہم رہی جس کے بعد بولرز نے بڑی عمدہ بولنگ کرتے ہوئے دوسو انیس رنز کا کامیابی سے دفاع کیا۔
مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ اس میچ کا سب سے مثبت پہلو یہی تھاکہ کھلاڑیوں نے سخت محنت کی۔دوسری جانب سری لنکن ٹیم کے بیٹنگ کوچ ہشان تلکارتنے کا کہنا ہے کہ ان کی ٹیم میچ جیت سکتی تھی لیکن شکست کے باوجود ابھی تین میچز باقی ہیں اور ان کے کھلاڑیوں کو غلطیوں سے سبق سیکھتے ہوئے غیرمعمولی کارکردگی دکھانی ہوگی۔ہشان تلکارتنے کا کہنا ہے کہ دوسرے ون ڈے میچ میں اپنی ٹیم کی بیٹنگ سے مایوسی ہوئی ہے اس صورتحال میں اپل تھرنگا نے بہت ہی عمدہ اننگز کھیلی۔واضح رہے کہ تیسرے ون ڈے میں پاکستانی ٹیم میں ایک تبدیلی متوقع ہے۔ اوپنر احمد شہزاد دونوں میچوں میں بری طرح ناکام ہونے کے بعد ممکن ہے ٹیم میں جگہ برقرار نہ رکھ سکیں۔