اسلام آباد: وفاقی حکومت نے بجٹ کی پہلی سہ ماہی پوری ہوتے ہی 25 ارب روپے کا منی بجٹ کا بم گرا دیا ہے۔ حکومت نے کھانے پینے کی اشیا سے لے کر بناؤ سنگھار اور گاڑیوں پر 5 سے 80 فیصد تک ریگولیٹری ڈیوٹی عائد کر دی جن اشیا پر 80 فیصد ڈیوٹی عائد کی گئی ہے ان میں فور بائی فور نئی اسپورٹس کاریں اور جیپیں شامل ہیں۔ اسپورٹس گاڑیوں اور پرانی کاروں اور جیپوں پر 60 فیصد ڈیوٹی لگائی گئی ہے جب کہ 1000 سی سی سے 1300 سی سی تک کی گاڑیوں پر 15 فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی لی جائے گی۔
ویڈیو گیمز، اسکواش ریکٹ، بیڈمنٹن،ٹیبل ٹینس،لان ٹینس کے سامان، کرکٹ ، ہاکی، پولو، اسکواش، رگبی، والی بال، باسکٹ بال اور ہینڈ بال پر 50 فیصد ڈیوٹی لگا دی گئی ہے۔ نیل پالش، لپ میک اپ، فیس پاوڈر، پرفیوم، ٹیلکم پاوڈر، فیس اینڈ سکن کریمز اور لوشنز، شیمپو، ہیئر کریم، ہیئر ڈائیز، ٹوتھ پیسٹ اور صابن سمیت دیگر کئی اشیا پر بھی 50 فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی عائد کر دی گئی ہے۔
جوتوں پر 35 فیصد اور گندم کے آٹے، میدے، مچھلی، دودھ، کریم سمیت کئی دوسری خورد و نوش کی چیزوں پر 25 فیصد ڈیوٹی لگائی گئی ہے جب کہ متعدد گھریلو اشیا کو 20 فیصد ڈیوٹی کے جال میں پھنسا دیا گیا ہے ان میں مائیکرو ویو اوون، ٹوسٹر، استری، ہیئر ڈائیر، فوڈ گرائنیڈرز، پنکھے، ٹیلی فون کیبل، گھڑیاں، کچن فرنیچر، لکڑی کی الماریاں اور بیڈ شامل ہیں۔ دہی، پنیر، شہد، انجیر، پائن ایپل، بسکٹ، اچار، آلو، منرل واٹر اور سگریٹ پر بھی 20 فیصد ریگولیٹری عائد کر دی گئی ہے۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں