امریکی مصنف جارج سانڈرز نے بکر پرائز 2017 اپنے نام کر لیا

08:32 AM, 18 Oct, 2017

نیو یارک: ناول نگاری کا معروف برطانوی ایوارڈ ’مین بکر پرائز‘ اس سال امریکی مصنف جارج سانڈرز کو ان کے پہلے مکمل ناول ’لنکن ان برڈو‘ کے لیے دیا گیا ہے۔ جارج سانڈرز دوسرے امریکی مصنف ہیں جنھیں 50 ہزار پاؤنڈ کا یہ انعام دیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ ابتدا میں بکر پرائز صرف برطانوی مصنفوں کے لیے ہوتا تھا تاہم اب اس سے قومیت کی بندش ہٹا دی گئی ہے۔

اس ناول میں امریکی صدر ابراہم لنکن کی اپنے چھوٹے بیٹے کی ہلاکت کے بعد غم سے نمبٹنے کی کہانی ہے۔ اس ناول کے حوالے سے بکر پرائز کے ججز کا کہنا تھا کہ یہ انتہائی نیا اور بہترین کام تھا۔ سانڈرز ان چھ مصنفوں میں سے تھے جنھیں اس انعام کے لیے شارٹ لسٹ کرنے کے بعد منتخب کیا گیا تھا۔

ان میں برطانوی مصنف علی سمتھ اور فیئونا موضلی، امریکی پال ایسٹر اور ایملی فردلنڈ اور پاکستانی نژاد برطانوی مصنف محسن حامد تھے۔ جارج سانڈرز کا تعلق امریکی ریاست ٹیکساس سے ہے۔

اس سے پہلے وہ مختصر کہانیوں کے مجموعے چھاپتے رہے ہیں جن کے لیے انھیں مختلف اعزاز دیے جا چکے ہیں۔ یہ ان کا پہلا مکمل ناول مگر نویں کتاب ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں