جو لوگ ٹیکس چوری کرتے ہیں یا اس میں معاونت فراہم کرتے ہیں، انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا:وزیراعظم

10:18 PM, 18 Nov, 2024

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ٹیکس نادہندگان کے خلاف کارروائیوں میں تیزی لانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ جو لوگ ٹیکس چوری کرتے ہیں یا اس میں معاونت فراہم کرتے ہیں، انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ عوامی ریلیف کو حکومت کی ترجیحات میں اولین حیثیت دی جائے گی۔

وزیراعظم کی زیر صدارت معیشت کے حوالے سے ایک جائزہ اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں وزارت خزانہ نے آئی ایم ایف کے وفد سے ہونے والی ملاقاتوں کی تفصیلات پیش کیں۔ اجلاس میں وزیراعظم نے کہا کہ ملک معاشی استحکام کی جانب گامزن ہے، اور اسٹاک مارکیٹ میں تیزی سے ظاہر ہوتا ہے کہ حکومتی اقدامات کامیاب ہو رہے ہیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بیرونی سرمایہ کار حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں، اور حکومت عوام کے ساتھ کیے گئے وعدوں کو پورا کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مہنگائی کی شرح 38 فیصد سے کم ہو کر 7 فیصد اور شرح سود 22 فیصد سے 15 فیصد پر آ چکی ہے، جس سے کاروباری سرگرمیاں بڑھیں گی اور نئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ملکی برآمدات اور ترسیلات زر میں اضافہ ہونے کی وجہ سے زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری آئی ہے، اور انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب اور ان کی حکومت کی زرعی اصلاحات کو سراہا۔

وزیراعظم نے ٹیکس چوری کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ملک کی ترقی کے لیے ضروری ہے کہ تمام شعبے اپنے حصے کا ٹیکس ادا کریں۔ اجلاس میں وزرا اور اعلیٰ حکام نے ملکی معیشت کی صورتحال پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا۔

مزیدخبریں