حماس اور حزب اللہ کے حملوں میں 4 اسرائیلی فوجی ہلاک

07:09 PM, 18 Nov, 2024

نیوویب ڈیسک

شمالی غزہ: شمالی غزہ میں حماس کے ساتھ جھڑپوں میں اسرائیلی فوج کے پلاٹون کمانڈر سمیت 3 فوجی ہلاک ہو گئے، جبکہ ایک فوجی شدید زخمی ہو گیا۔ اس کے علاوہ، جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے ارکان کی جانب سے کی جانے والی ایک لڑائی میں ایک اسرائیلی فوجی مارا گیا۔

اسرائیلی فوج کے مطابق، شمالی غزہ کے علاقے بیت لاہیا میں حماس کے ایک کارکن کی اسنیپ فائرنگ کے نتیجے میں ایک اسرائیلی فوجی ہلاک ہوا۔ ان جھڑپوں میں سارجنٹ فرسٹ کلاس ایڈن کینان، پلاٹون کمانڈر کیپٹن یوگیو پازی اور اسٹاف سارجنٹ نوام ایتان ہلاک ہوئے۔ ان فوجیوں کی عمریں 21 اور 22 سال تھیں۔ ایک اور فوجی شدید زخمی ہو گیا ہے، جس کی حالت نازک ہے۔

اسرائیل میں حماس سے ہونے والی زمینی لڑائی میں اب تک 378 اسرائیلی فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔ کیپٹن یوگیو پازی اسرائیل کے سابق چیف آف اسٹاف گاڈی آئزنکوٹ کے بھتیجے تھے، جو خود بھی ایک اہم فوجی شخصیت ہیں۔ ان کا بیٹا، سارجنٹ میئر ایسنکوٹ، بھی گزشتہ برس غزہ میں مارا گیا تھا۔

دوسری جانب، حزب اللہ نے جنوبی لبنان سے شمالی اسرائیل پر راکٹوں اور میزائلوں کی بارش کر دی، جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے۔ لبنان میں حزب اللہ کے ارکان سے ہونے والی دو بدو لڑائی میں ایک اسرائیلی فوجی ہلاک ہو گیا، جبکہ حزب اللہ کے داغے گئے راکٹ نے حیفہ میں ایک عبادت گاہ کو نشانہ بنایا، جس سے 5 افراد زخمی ہو گئے۔

اسرائیلی فوج نے حزب اللہ کے حملے میں 21 سالہ فوجی اوری نسانووچ کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ اوری نسانووچ مقبوضہ بیت المقدس کا رہائشی تھا اور لبنان میں حزب اللہ کے خلاف گولانی بریگیڈ سے وابستہ تھا۔ ستمبر کے آخر سے جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے ساتھ جھڑپوں میں 44 اسرائیلی فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔

مزیدخبریں