انسداد سمگلنگ آپریشنز میں 42 لاکھ روپے مالیت کی منشیات کی برآمدگی

انسداد سمگلنگ آپریشنز میں 42 لاکھ روپے مالیت کی منشیات کی برآمدگی

راولپنڈی: اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے انسداد سمگلنگ آپریشنز کے دوران 42 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی منشیات برآمد کی ہیں۔ اے این ایف کے ترجمان کے مطابق، فورس نے تعلیمی اداروں اور مختلف شہروں میں منشیات کی سمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھا، جس کے دوران 13 ملزمان کو گرفتار کیا گیا اور مجموعی طور پر 37 کلو گرام منشیات ضبط کی گئی۔

اسلام آباد میں یونیورسٹی کے قریب ایک ملزم سے 90 گرام چرس برآمد کی گئی، جس نے انکشاف کیا کہ وہ تعلیمی اداروں کے طلبہ کو منشیات فروخت کرتا تھا۔ مانسہرہ میں جی ٹی روڈ پر ایک کار کے خفیہ خانوں سے 8 کلو گرام چرس برآمد کی گئی، جبکہ برہان انٹرچینج اٹک کے قریب 2 ملزمان سے 4.4 کلو گرام چرس پکڑی گئی۔

سرگودھا میں یونیورسٹی روڈ کے قریب 2 ملزمان سے 5 کلو چرس برآمد کی گئی۔ گجرات میں شاہین چوک کے قریب ایک ٹرک سے 3.6 کلو چرس اور ایک کلو آئس ضبط کی گئی۔ اسلام آباد کے ایم ون ٹول پلازہ سے 4.1 کلو چرس اور ایک کلو افیون برآمد کی گئی، جب کہ وزیر آباد روڈ سیالکوٹ میں ایک ملزم سے 1 کلو افیون اور 100 گرام آئس ضبط کی گئی۔

پشاور، مظفر گڑھ اور ڈی جی خان میں بھی مختلف کارروائیوں کے دوران منشیات برآمد کی گئیں۔

مصنف کے بارے میں