بچوں کی حفاظت میری ترجیح ہے، ہر قسم کے تشدد کا تدارک کیا جائے گا: مریم نواز

02:45 PM, 18 Nov, 2024

نیوویب ڈیسک

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بچوں کے تحفظ کے حوالے سے ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ "بچے میری ریڈ لائن ہیں" اور ہر قسم کے تشدد کے تدارک کے لیے بھرپور اقدامات کیے جائیں گے۔

بچوں پر تشدد، استحصال اور بدسلوکی کے تدارک اور بحالی کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ معاشرے میں کچھ بچے بدسلوکی، استحصال اور تشدد کا شکار ہیں، جو انتہائی افسوسناک ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہر قسم کے استحصال کا بچوں کی ذہنی، جسمانی اور جذباتی نشوونما پر منفی اثر پڑتا ہے اور یہ ان کی شخصیت اور مستقبل پر دیرپا اثرات مرتب کرتا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ بچوں کی حفاظت کے لیے پاکستان میں پہلی مرتبہ ورچوئل چائلڈ سیفٹی سینٹر قائم کیا گیا ہے، جبکہ چائلڈ پروٹیکشن بیورو کو مزید فعال بنایا گیا ہے تاکہ بچوں کی فوری امداد اور تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے والدین، اساتذہ اور معاشرتی اداروں سے اپیل کی کہ وہ بچوں کے حقوق کے تحفظ میں اپنا کردار ادا کریں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ بچے ہمارا مستقبل ہیں اور ان کا تحفظ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔ والدین سے درخواست کی کہ وہ اپنے بچوں کو محفوظ ماحول فراہم کریں، ان کے ساتھ کھل کر بات کریں اور ان کی حفاظت کا خیال رکھیں۔ انہوں نے اللہ تعالی سے دعا کی کہ وہ ہمیں بچوں کا احساس، ان کی حفاظت اور ان کا روشن مستقبل یقینی بنانے کی توفیق دے۔

مزیدخبریں