ہوبارٹ: پاکستان کرکٹ ٹیم تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھی آسٹریلیا کے خلاف ناکامی سے دوچار ہو گئی۔ پاکستان کی پوری بیٹنگ لائن 117 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ اننگز کا آغاز صاحبزادہ فرحان اور بابر اعظم نے کیا، لیکن صاحبزادہ فرحان صرف 9 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ حسیب اللہ نے 24 رنز کی اننگز کھیلی، مگر وہ بھی جلد ہی پویلین لوٹ گئے۔
عثمان خان، جنہوں نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں ففٹی اسکور کیا تھا، اس میچ میں صرف 3 رنز بنا سکے۔ سلمان علی آغا نے 9 گیندوں پر ایک رن بنایا، اور بابر اعظم 41 رنز بنا کر ایڈم زمپا کے ہاتھوں آؤٹ ہو گئے۔ عرفان خان 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، عباس آفریدی نے ایک رن بنایا، اور جہانداد خان، جو اس میچ میں اپنا ٹی ٹوئنٹی ڈیبیو کر رہے تھے، 5 رنز بنا کر باؤنڈری پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
پاکستان کی پلیئنگ الیون میں دو اہم تبدیلیاں کی گئی تھی جس میں محمد رضوان کو آرام دیا گیا اور ان کی جگہ حسیب اللہ کو وکٹ کیپنگ کی ذمہ داری سونپی گئی۔ نسیم شاہ کی جگہ جہانداد خان کو ٹیم میں شامل کیا گیا، لیکن ان تبدیلیوں کا کوئی خاص فائدہ نہیں ہوا۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا کو سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے، پہلے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 31 رنز سے شکست دی تھی، جبکہ دوسرے میچ میں کینگروز نے 13 رنز سے گرین شرٹس کو ہرا کر سیریز میں برتری حاصل کی تھی۔