حج درخواستوں کی وصولی کا آج سے آغاز

حج درخواستوں کی وصولی کا آج سے آغاز

اسلام آباد :  ملک کے 15 نامزد بینکوں میں حج درخواستوں کی وصولی آج سے شروع ہو گئی ہے۔

وزارت مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق، حج درخواست کے ساتھ 2 لاکھ روپے کی ابتدائی رقم جمع کرانا لازمی ہے، جبکہ دوسری قسط قرعہ اندازی کے بعد وصول کی جائے گی۔ درخواست گزاروں کو یکم تا 10 فروری تک بقیہ حج واجبات بھی ادا کرنا ہوں گے۔

سرکاری حج سکیم کا کوٹہ 89,605 افراد کے لیے مختص کیا گیا ہے، جبکہ سمندر پار پاکستانیوں کے لیے سپانسر شپ سکیم میں 5,000 نشستیں مخصوص کی گئی ہیں۔ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو امریکی ڈالرز میں یکمشت ادائیگی کرنا ہوگی۔

وزارت مذہبی امور کے مطابق، حج درخواستوں کی وصولی کے عمل کی نگرانی کے لیے بینکوں کی سینکڑوں برانچوں کی کارکردگی کو براہ راست مانیٹر کیا جائے گا۔اس کے علاوہ  اس سال خواتین عازمین حج سرپرست کی اجازت سے قابل اعتماد گروپ کے ساتھ بغیر محرم روانہ ہو سکیں گی۔

سرکاری حج پیکیج میں فضائی ٹکٹ، کھانا، تربیت، مکتب اور ویکسین کی سہولت شامل ہے۔اس کے علاوہ قربانی  اور  فیملی رومز اور دیگر سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔

ترجمان کے مطابق  شدید نوعیت کے پیچیدہ امراض کے حامل افراد کو سفر حج کی اجازت نہیں ہوگی۔ ایڈوانس سٹیج کی حاملہ خواتین اور 12 سال سے کم عمر بچے بھی حج پر روانہ نہیں ہو سکیں گے۔


وزارت مذہبی امور کے ترجمان نے مزید کہا کہ درخواست گزاروں کو حج ہیلپ لائن، ویب سائٹ، موبائل ایپ اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعے مکمل رہنمائی فراہم کی جائے گی۔

مصنف کے بارے میں