بیلا روس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو 25 نومبر کو پاکستان پہنچیں گے

10:20 AM, 18 Nov, 2024

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد :  بیلا روس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو 25 نومبر کو دو روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچیں گے۔ ان کے ہمراہ ایک اعلی سطح کا وفد بھی ہوگا، جس میں بیلا روس کے حکومتی و تجارتی عہدیداران شامل ہوں گے۔

سفارتی ذرائع کے مطابق، الیگزینڈر لوکاشینکو وزیرِ اعظم پاکستان شہباز شریف کی دعوت پر پاکستان آ رہے ہیں، اور اس دوران ان کی ملاقاتیں صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیرِ اعظم سے ہوں گی۔ یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے اہمیت کا حامل ہے۔

دورے کے دوران پاکستان اور بیلا روس کے درمیان متعدد معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط متوقع ہیں۔ ذرائع کے مطابق، دونوں ممالک کے درمیان پاکستان بیلا روس ٹریڈ روڈ میپ 2025-2027 پر دستخط کیے جائیں گے، جس کے تحت زراعت، تجارت، سائنس و ٹیکنالوجی اور ادویات سازی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا جائے گا۔

اس کے علاوہ، دونوں ممالک الیکٹرک وہیکل بسز کی پیداوار کے منصوبے کو حتمی شکل دینے پر بھی غور کریں گے۔ زرعی مشینری اور ٹریکٹر کی تیاری کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بیلا روس کے صدر کی پاکستان کی ملٹری قیادت سے بھی ملاقات کا امکان ہے، جس سے دفاعی تعلقات میں مزید بہتری کی توقع کی جا رہی ہے۔

مزیدخبریں