حسن نواز کو لندن کی عدالت نے دیوالیہ قرار دے دیا

10:16 AM, 18 Nov, 2024

نیوویب ڈیسک

لندن :  پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کے بیٹے حسن نواز کو لندن کی عدالت نے دیوالیہ قرار دے دیا ہے۔

 رائل کورٹ آف جسٹس نے یہ فیصلہ سنایا، جس کے مطابق حسن نواز کو برطانوی حکومت اور ریونیو ڈیپارٹمنٹ کے ٹیکس کیس میں دیوالیہ قرار دیا گیا۔ عدالتی کاغذات کے مطابق، حسن نواز کو 2023 کے ایک کیس نمبر 694 کے تحت دیوالیہ قرار دیا گیا ہے، جو 25 اگست 2023 کو دائر کیا گیا تھا۔ اس کیس میں حسن نواز کے خلاف محکمہ ریونیو اینڈ کسٹمز (HMRC) نے کارروائی کی تھی، جس کی نمائندگی برطانوی وکیل کور میکسویل نے کی۔

لندن ہائی کورٹ کی طرف سے جاری کردہ حکم کے مطابق، حسن نواز کو 29 اپریل 2024 کو قرض دہندگان کی جانب سے عدم ادائیگی کے معاملے میں دیوالیہ قرار دیا گیا۔ سرکاری یو کے گزٹ میں دیوالیہ ہونے کی تفصیلات شائع کی گئی ہیں، جس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ حسن نواز ایون فیلڈ ہاؤس، 118 پارک لین کے فلیٹ کے رہائشی اور متعدد کمپنیوں کے ڈائریکٹر ہیں۔

دیوالیہ پن کا حکم ایک قانونی عمل ہے، جس کے تحت فرد کو اپنے مالی واجبات ادا نہ کرنے پر دیوالیہ قرار دیا جاتا ہے۔ برطانیہ کے قوانین کے مطابق، دیوالیہ قرار پانے کے بعد حسن نواز کسی بھی کمپنی کے ڈائریکٹر کے طور پر کام نہیں کر سکیں گے، جب تک کہ وہ عدالت سے اجازت نہ حاصل کر لیں۔

مزیدخبریں