فضائی آلودگی : دفاتر میں نصف عملے کے ساتھ کام کرنے کی پابندی میں 31 جنوری تک توسیع

09:57 AM, 18 Nov, 2024

نیوویب ڈیسک

لاہور  :  محکمہ ماحولیات پنجاب نے لاہور اور ملتان میں فضائی آلودگی کی بڑھتی ہوئی سطح کے پیش نظر 24 نومبر تک متعدد پابندیاں عائد کر دی ہیں ، جبکہ دفاتر میں نصف عملے کے ساتھ کام کرنے کی پابندی میں بھی 31 جنوری تک توسیع کر دی گئی ہے۔

محکمہ ماحولیات کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، لاہور اور ملتان میں  24 نومبر تک سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے بند رہیں گے، جبکہ تمام آؤٹ ڈور سرگرمیوں پر بھی پابندی عائد کی جائے گی۔ اس دوران، تعمیراتی سرگرمیاں مکمل طور پر معطل رہیں گی اور آؤٹ ڈور ڈائننگ پر شام 4 بجے تک پابندی ہوگی۔

مزید برآں، لاہور اور ملتان میں ٹیک اوے سروس پر رات 8 بجے تک پابندی ہوگی اور تمام کمرشل مارکیٹیں، دکانیں اور شاپنگ مالز کو رات 8 بجے تک بند کرنا ہوگا۔ فضائی آلودگی میں اضافے کو روکنے کے لیے فرنس آئل اور اینٹوں کے بھٹوں پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

ایچ ٹی وی گاڑیوں کے داخلے پر بھی 24 نومبر تک پابندی ہوگی اور پنجاب کے دیگر 16 اضلاع میں بھی تعلیمی اداروں اور پارکوں میں عوامی داخلے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ لاہور میں آتشبازی پر 31 جنوری تک پابندی برقرار رکھی جائے گی، جبکہ دفاتر میں نصف عملے کے ساتھ کام کرنے کی پابندی میں بھی 31 جنوری تک توسیع کر دی گئی ہے۔ ان اقدامات کا مقصد شہریوں کی صحت کو تحفظ فراہم کرنا اور آلودگی کو کم کرنا ہے۔

مزیدخبریں