آزاد کشمیر: طالبہ سے زیادتی کے مجرم کو شہریوں کے سامنے 50 کوڑے مارنے کا حکم 

08:57 PM, 18 Nov, 2023

نیوویب ڈیسک

آٹھ مقام‎ : آزادکشمیر کی ایک عدالت نے طالبہ کے ساتھ جنسی زیادتی کرنے والے مجرم کو 20 سال قید، 5 لاکھ روپے جرمانہ اور 50 کوڑے لگانے کی سزا سنائی ہے۔

 آٹھ مقام کی تحصیل فوجداری عدالت کے 2 رکنی بینچ جو سینئر سول جج چوہدری محمد اسلم اور ضلع قاضی حافظ محمد فاروق پر مشتمل تھا نے مجرم عابد شاہ کے خلاف یہ فیصلہ سنایا۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ مجرم کو کوڑوں کی سزا آزاد کشمیرکے دارالحکومت مظفرآباد کی کسی معروف جگہ پر دی جائے۔

عدالت نے سینٹرل جیل مظفرآباد کے ذمہ داران کو حکم دیا ہے کہ مجرم کو سنائی گئی سزاؤں پر عملدرآمد کیا جائے۔ جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں  مزید 6 ماہ قید کاٹنا پڑے گی۔

مجرم عابد شاہ کا تعلق وادی نیلم کی تحصیل شاردہ کے گاؤں کھری گام سے ہے۔ مجرم نے 23 جولائی 2019 کو شاردہ سے خواجہ سیری سے تعلق رکھنے والی ایک طالبہ کو اغوا کیا اور ایک مقامی گیسٹ ہاؤس میں زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔

مزیدخبریں