ممبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں انگلینڈ کے ہاتھوں 10 وکٹوں کی بدترین شکست پر بھارتی کرکٹ بورڈ نے سینئر نیشنل سلیکشن کمیٹی کو برطرف کر دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے چیتن شرما کی قیادت میں کام کرنے والی 4 رکنی سینئر نیشنل سلیکشن کمیٹی کو جمعہ کو برطرف کیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بی سی سی آئی نے سینئر سلیکشن کمیٹی کے ارکان کی برطرفی کے ساتھ ہی نیشنل سلیکٹرز کے عہدے کیلئے درخواستیں بھی طلب کی ہیں۔
چیتن شرما کی قیادت والی سلیکشن کمیٹی کے دور میں بھارت ٹی 20 ورلڈ کپ 2021ءمیں بھی ناک آؤٹ مرحلے تک پہنچنے میں ناکام رہا تھا جبکہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپین شپ کے فائنل میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
حال ہی میں آسٹریلیا میں کھیلے گئے ٹی 20ورلڈکپ میں بھی بھارتی ٹیم کی کارکردگی کچھ خاص نہ رہی جس نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے خلاف بمشکل فتح حاصل کی جبکہ جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کے ہاتھوں اسے شکست ہوئی۔
بھارتی ٹیم ایونٹ کے سیمی فائنل میں پہنچنے میں تو کامیاب ہو گئی جہاں اس کا سامنا انگلینڈ سے ہوا اور اسے 10 وکٹوں کی بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا جس پر ٹیم کی سلیکشن کمیٹی پر کافی سوال اٹھائے جارہے تھے۔
سیمی فائنل میں شکست، بھارتی بورڈ نے نیشنل سلیکشن کمیٹی کو برطرف کر دیا
11:34 PM, 18 Nov, 2022