لاہور: انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب فیصل شاہکار کے چھٹی پر جاتے ہی 10 دن میں 40 پولیس افسران کے تبادلے کر دئیے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق آئی جی کی چھٹی ختم ہونے سے پہلے تبادلوں میں تیزی آ گئی ہے اور کئی آر پی اوز، ڈی پی اوز اور ایس پیز کے تقرر اور تبادلے بھی کئے گئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ قائم مقام آئی جی کنور شاہ رخ کے حکم پر 4 روز میں 36 اعلیٰ افسران کے تقرر و تبادلے کئے گئے۔
ذرائع کے مطابق قائم مقام آئی جی نے تبادلے وزیراعلیٰ آفس کے احکامات پر کئے جبکہ آئی جی فیصل شاہکار تقرر و تبادلوں کیلئے سیاسی دباؤ میں نہیں آئے۔
اس ضمن میں جاری کئے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق ایڈیشنل آئی جی انٹرنل اکاؤنٹیبلیٹی سلطان احمد چوہدری کو ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ اور آر پی او ملتان رفعت مختار راجہ کو ایڈیشنل آئی جی لاجسٹک تعینات کیا گیا ہے۔
ڈاکٹر معین مسعود کو آر پی او ملتان اور ڈی آئی جی پٹرولنگ پولیس سرفراز احمد فلکی کو آر پی او فیصل آباد تعینات کیا گیا ہے جبکہ آر پی او ساہیوال طیب حفیظ چیمہ کو ڈی آئی جی ایلیٹ فورس، ڈی آئی جی ایلیٹ فورس مرزا فاران بیگ کو آر پی او ساہیوال تعینات کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سی پی او فیصل آباد عمر سعید ملک کو ہٹا کر ان کی جگہ ڈی پی او ننکانہ سید خالد محمود ہمدانی کو سی پی او فیصل آباد تعینات کیا گیا ہے جبکہ سیدامین بخاری کو ڈی آئی جی اکاؤنٹیبلیٹی برانچ اور صادق علی کو ڈی آئی جی ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ تعینات کیا گیا ہے۔