امریکی سازش نہیں ہوئی، عمران خان کے نئے یوٹرن کو خوش آمدید کہتے ہیں: بلاول بھٹو

08:43 PM, 18 Nov, 2022

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: وفاقی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سابق حکومت کیخلاف کوئی امریکی سازش نہیں ہوئی تھی، پی ٹی آئی چیئر مین عمران خان کے نئے یوٹرن کو خوش آمدید کہتے ہیں کیونکہ یہ بہت اچھی بات ہے کہ امریکی سازش کے معاملے پر وہ مکر گئے ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق دفتر خارجہ کے ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر خارجہ نے کہا کہ ملک میں آج کل سیاسی کلائمیٹ پیدا کیا گیا ہے اور سابق وزیراعظم نے نیا یوٹرن لیا ہے جس کو خوش آمدید کہتے ہیں، بہت اچھی بات ہے کہ وہ امریکی سازش کے معاملے پر مکر گئے کیونکہ کل کوئی امریکی سازش تھی اور نہ ہی آج ہے۔
آرمی چیف کی تعیناتی سے متعلق پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ متعلقہ وزارت سے اس ضمن میں سوال کیا جائے، پوری دنیا جانتی ہے دہشت گردوں کوکون سپورٹ کرتا ہے، خطے میں تبدیلی کی وجہ سے پچھلے ایک سال میں دہشت گردی واقعات میں اضافہ ہوا ہے، ہماری حکومت آنے سے پہلے اور اب بھی دہشت گردی کے واقعات ہو رہے ہیں، ہمیں پالیسی پر نظر ثانی کرنی چاہیے۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان اچھے اور تاریخی تعلقات ہیں اور ہم ہمسایہ ممالک کے ساتھ بھی اچھے تعلقات چاہتے ہیں، امریکہ مختلف شعبوں میں تعاون سے متعلق پاکستان کا دیرینہ شراکت دار ہے اور پاکستان، امریکہ کے ساتھ برابری کی بنیاد پر تعلقات چاہتا ہے تاہم پاک، امریکہ روابط میں کمی کی وجہ سے دونوں ممالک میں مسائل نے جنم لیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم کوشش کریں گے کہ پاکستان بھی فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کے نظام کا حصہ بنے، پاکستان نے وقت سے پہلے ایف اے ٹی ایف کے ٹارگٹ حاصل کئے اور اب ڈو مور، ڈومو ر ،دہشت گردی کے خلاف جنگ، یہ سلسلہ ختم ہوگیا ، اب نیامرحلہ ہے۔ 

مزیدخبریں