چکوال : پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے جنرل سیکرٹری اسد عمر نے کہا ہے کہ حقیقی آزادی کی تحریک اپنی کامیابی تک پہنچ چکی ہے، حکومت جتنا مرضی خوف پھیلا لے کپتان اور اس کی ٹیم نہیں رکنے والی، بند کمروں کے بجائے پاکستان کے فیصلے پاکستان کے عوام کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق چکوال میں حقیقی آزادی مارچ کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ خان کے پاس خبر آئی تھی کہ انہیں قتل کرنے کا منصوبہ ہے مگر وہ کسی کے پیچھے نہیں چھپا بلکہ قوم کے سامنے گولیوں سے زخمی ہوا، کپتان کو 4 گولیاں لگیں پھر بھی اپنی قوم کے متعلق سوچتا تھا، ہم عوام میں ہیں، ہم اور عوام کے درمیان کوئی دیوار نہیں ہے، گولی کھا کر بھی اپنی عوام کے بارے میں سوچنے والے لیڈر کو کوئی نہیں چھوڑ سکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ حقیقی آزادی کی تحریک اپنی کامیابی تک پہنچ چکی ہے، بند کمروں کے بجائے پاکستان کے فیصلے پاکستان کے عوام کریں گے، عوام کی محبت میرے دل کے اندر اترئی ہوئی ہے، اپنے بچوں کو دیکھنے کی بجائے عوام کے بچوں میں حقیقی آزادی ابھار رہا ہوں، رانا ثنااللہ، تم سے چکوال کے عوام نہیں ڈرتے۔
سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ ماشااللہ پاکستانی قوم کا خوف اتر گیا ہے، حکومت جتنا مرضی خوف پھیلا لے کپتان اور اس کی ٹیم نہیں رکنے والی، کپتان کا وعدہ تھا کہ وہ نہ خود جھکے گا نہ عوام کو جھکنے دے گا، کپتان نے عوام سے کئے گئے وعدے پورے کئے ہیں۔
حکومت جتنا مرضی خوف پھیلا لے، کپتان اور اس کی ٹیم رکنے والی نہیں : اسد عمر
05:13 PM, 18 Nov, 2022