امریکہ کو بیسز دے رہے ہیں یا نہیں ؟مشیر قومی سلامتی نے خاموشی توڑ دی 

Moeed Yousaf,Pakistan US Relation, Pakistan Bases,TTP,Afghanistan

اسلام آباد:وزیر اعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف کا کہنا ہے کہ ٹی ٹی پی سے بات چیت چل رہی ہے جس کے بعد اب تک ٹی ٹی پی کی اکثریت نے ہتھیار ڈال دئیے ہیں اور وہ قانون کے مطابق قومی دھارے میں شامل ہو رہے ہیں ۔

نمائندہ نیو نیوز کے مطابق مشیر قومی سلامتی معید یوسف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹی ٹی پی کو داعش اور دوسری شدت پسند تنظیمیں اپنے فائدے کیلئے استعمال کرتی آ رہی ہیں ،اس وقت افغان طالبان کیساتھ مل کر ٹی ٹی پی سے بات چیت جار ی ہے ۔

معید یوسف کا کہنا تھا ٹی ٹی پی کی اکثریت ہتھیار ڈالنے کو تیار ہے اب تک ایسے کئی لوگ ہتھیار ڈال کر قانون کو تسلیم کرنے کا اعلان کر کے قومی دھارے میں شامل ہوئے ہیں۔

امریکہ کو بیسز دینے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر معید یوسف کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان دو ٹوک الفاظ میں اعلان کر چکے ہیں کہ ایسے معاملات کو ریاست کی سطح پر دیکھنا ہوگا ،وزیر اعظم نے واضح کر دیا کہ پاکستان برائے فروخت نہیں آئیں بیٹھیں بات کریں ،اب بیسز ایسے نہیں دی جا سکتیں ۔